سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرعمران سکندر بلوچ کا پنجاب بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی سرگرمیاں تیز کرنے کاحکم

ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ، اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں ، گھر کے اندر اور باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں‘عمران سکندر

پیر 6 دسمبر 2021 14:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرعمران سکندر بلوچ نے پنجاب بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ محکمہ صحت نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کیلئے کارروائیاں تیزکردی ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 25 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

گذشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے 19 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ روز ملتان آباد سے ڈینگی کے 2جبکہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، جہلم اور لودھراں سے 1 مریض رپورٹ ہوا ہے۔ عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے کیسز کی کل تعداد 25,715 ہو چکی ہے۔ رواں سال لاہور سے اب تک ڈینگی کے 18,221 کیسز سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی بخار کے باعث 153 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ روز پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔ صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے 446 مریض داخل ہیں۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے 319 مریض داخل ہیں۔ لاہور کے علاوہ صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے 127 مریض داخل ہیں۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے کہاکہ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے لئے 4,883 بستر مختص کئے گئے ہیں۔

پنجاب میں ڈینگی کیلئے مختص کئے گئے 446 بستروں پر مریض زیر علاج ہیں۔لاہور میں ڈینگی کے مختص کئے گئے بستروں پر 316 مریض زیر علاج ہیں۔ صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرنے کہاکہ گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 257,311 ان ڈور مقامات کو چیک کیا۔گذشتہ روز پنجاب بھر میں محکمہ صحت کی ٹیموں نے 60,888 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا۔

گذشتہ روز پنجاب بھر میں 266 ان ڈور اور آؤٹ ڈور سے لاروا تلف کیا گیا۔ گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 47,808 ان ڈور مقامات کو چیک کیا۔ گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 8,049 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا۔گذشتہ روز لاہور میں 229 ان ڈور اور آوٹ ڈور مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے عوام سے کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی۔

انہوں نے پنجاب کے تمام علماء کرام سے مساجد میں آنے والے نمازیوں کو ڈینگی بارے آگاہی دینے کی اپیل بھی کی۔صوبائی سیکرٹری صحت نے مزیدکہاکہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ گھر کے اندر اور باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ عوام صفائی کا خیال رکھ کر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے میں اہم کردار ادا کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں