ْجنرل ہسپتال کی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رقیہ بانو ریٹائرڈ، مقررین کا شاندار الفاظ میں خراج تحسین

رقیہ بانو39برس تک محکمے سے وابستہ رہیں ، ریٹائر منٹ پر ساتھیوںکو ظہرانہ دے کر نئی مثال قائم کی

پیر 6 دسمبر 2021 15:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) جنرل ہسپتال کی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رقیہ بانو 39برس تک محکمہ صحت سے وابستہ رہنے کے بعد مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو گئیں اور انہوں نے ریٹائرمنٹ پر اپنی ساتھیوں کو پر وقار ظہرانہ دے کر نئی مثال قائم کر دی جسے خوب سراہا گیا ۔رقیہ بانو نے اس موقع پر منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا فرض سر انجام دینے والے دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی سر خروہوتے ہیں۔

پرنسپل نرسنگ کالج حمیدہ بیگم، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرٹینڈنٹ رمضان بی بی ، این ایس پنزرضیہ شمیم ، رضیہ بانو ، شاہدہ رشید ، خالدہ چراغ ، شاہدہ نذیر، انور سلطانہ ، نسیم اور شہناز ڈار سمیت دیگر بھی موجود تھیں۔ رقیہ بانو نے مزید کہا کہ علاج معالجے کی سہولتیں کتنی ہی بہتر کیوں نہ ہوں، علاج کرنے والے اپنے شعبے کے کتنے ہی ماہر کیوں نہ ہوں، جب تک اس نظام کو تربیت یافتہ نرس کی سہولت حاصل نہ ہو، علاج معالجے کا نظام کامیابی کے ساتھ نہیں چلایا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ انتہائی مشکل ہوتا ہے جس کی ایک تازہ مثال یہ ہے کہ کورونا اور ڈ ینگی وبا میں نرسز نے اپنے شعبے کی لاج رکھنے کے لئے فرنٹ فٹ پر رہ کر اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر خدمات سر انجام دیں اوردنیا بھر میں بیماریوں کے خلاف مزاحمتی قوتوں میں نرسنگ کا نام نمایاں حروف میں لکھا جا ئے گا ۔انہوں نے کہا کہ وبائی امراض سے نمٹنے ، جنگ یا امن کی صورت میں بھی مریضوں کے علاج معالجہ میں ڈاکٹروں کے ہم قدم نرسز کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جنہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ نمایاں کردارادا کیا اور ان کا یہ مقدس مشن آئندہ بھی جاری رہے گا ۔

حمیدہ بیگم ، رمضان بی بی اور شہناز ڈار نے کہاکہ پاکستان میں حالیہ برسوں میں آنے والے کورونا اور ڈینگی وبا کے دوران نرسز نے اس بات کو ثابت کر دکھایا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت میں کسی سے پیچھے نہیںاور ڈاکٹرز اور نرسز نے جو قربانیاں دی ہیں اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوںنے کہا کہ رقیہ بانو نے بطور نرسنگ انسٹرکٹر طالبات کی تعلیم و تربیت کر کے ان کی صلاحیتوں کو نکھارا ہے اور وہ ا ٓج اپنے مادر علمی کا نام روشن کر رہی ہیں ۔

مقررین نے کہا کہ رقیہ بانو نے دوران ملازمت اپنی محکمہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں اور اپنے ماتحت سٹاف کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے لئے جو اقدامات کیے وہ قابل ستائش ہیں ۔ تقریب میں موجود نرسنگ سٹاف ریٹائر ہونے والی رقیہ بانو کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور انہیں اپنے لیے ایسی مثال قرار دیا جس پر عمل کر کے وہ بھی پیشہ وارانہ زندگی میں کامیاب ہو سکتی ہیں۔

ریٹائر ہونے والی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رقیہ بانو نے دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور اس شعبے میں گزارے ہوئے 39برسوں کو اپنی زندگی کا یادگار حصہ قرار دیا ۔ڈپٹی چیف نرسنگ سپرٹینڈنٹ رمضان بی بی ، انور سلطانہ، نسیم، منزہ، سٹیلا، آمنہ، صبیحہ اور نازیہ و دیگر نے رقیہ بانو کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور داراز عمر کیلئے دعائیں کیں اور انہیں پھولوں کے گلدستے دے کررخصت کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں