کھاد غائب ، کسان پریشان، کیا یہ ہے نیا پاکستان ‘ حاجی امداد

جھوٹے حکومتی دعوے ، ہر روز نیا بحران ، عوام نواز شریف کو پکار رہے ہیں ‘ بیان

پیر 17 جنوری 2022 13:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق رکن پنجاب اسمبلی حاجی امداد حسین نے کہا ہے کہ تباہی سرکار دور میں کسان کیلئے یوریا کھاد مارکیٹ سے غائب ہے ، کیا یہ ہے نیا پاکستان ، کیا یہ ہے تبدیلی کہ کسان کھاد بلیک مارکیٹ میں مہنگے داموں خرید پر مجبور ہیں ، گزشتہ کئی ہفتوں سے جھوٹے حکومتی دعوئوں کے باوجود کھاد کا شدید بحران ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ زراعت کی ریڑھ کی ہڈی کسان طویل قطاروں میں کھڑے ہوکر مہنگی کھاد بھی حاصل کرنے سے قاصر ہیں ، گیس بجلی مہنگی ہونے پر وزیراعظم چور کا ڈھول پیٹنے والا عمران خان جواب دے کہ کھاد مہنگی کے ساتھ غائب ہوجانے پر وزیراعظم کو چوروں کا سرغنہ تو کہا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کے دور میں کسان سستی کھاد فراہمی سے خوشحال تھے اور آج کسان اور عوام مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو پکار رہے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں