کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر ہونیوالے رائے ونڈ شہر کے تینوں پارک بھوت بنگلے میں تبدیل

جمعرات 19 مئی 2022 12:32

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر ہونیوالے رائے ونڈ شہر کے تینوں پارک بھوت بنگلے میں تبدیل ،پارک کی دیکھ بھال کیلئے تعینات 8مالی میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کے گھروں میں ڈیوٹی سرانجام دینے لگے ۔تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہور کی عدم توجہ سے رائے ونڈ شہر میں کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر ہونیوالے جناح آبادی پارک ،سینما روڈ پارک ،رائے ونڈ کلاں پارک کھنڈرات کا منظر پیش کررہے ہیں کئی سالوں سے پارک کی تعمیر ومرمت کا کام نہیں کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ پارکس کی دیکھ بھال کیلئے ڈیوٹی سرانجام دینے والے آٹھ مالی میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کے گھروں میں ڈیوٹی پر مامور ہیں ۔رائے ونڈ کے شہریوں کے لئے بنائے گئے پارکس میں جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،خواتین اور بچے اس پارکس آنے سے خوف کھاتے ہیں آوارہ جانوروں کا بسیرا ہے ،موذی حشرارت الارض کی بھرمار اور گٹروں کے گندے پانی سے پارکس بیماریاں پھیلانے کاسبب بن رہا ہے ۔

(جاری ہے)

رائے ونڈ ٹائون کمیٹی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ضم ہونے کے بعد شہری خوار ہو کر رہ گئے ہیں ۔شہریوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ رائے ونڈ کے وسائل کو بے دردی سے لوٹنے اور شہریوں کو مسائل میں دھکیلنے والے میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیں تاکہ شہریوں کی تکالیف کا ازالہ ممکن ہو ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں