صدر مشرف کی روزگار پاکستان سکیم سے بیروزگاری ختم اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔نائب ضلع ناظم لاہو

بدھ 20 ستمبر 2006 16:19

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) نائب ضلع ناظم لاہور ادریس حنیف نے کہا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف اور مسلم لیگی حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود ،معاشی ترقی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے موثر انقلابی اقدامات کر رہی ہے ۔ صدر مشرف کی طرف سے روزگار پاکستان سکیم سے بیروزگاری ختم اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ گذشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدارتی روزگار سکیم سے 25 لاکھ بیروزگاروں کو فائدہ پہنچے گا جوکہ حکومت کی عوام دوستی کی عمدہ ترین مثال ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صدارتی روزگار سکیم کے تحت وطن عزیز میں 6ہزار 312 یوٹیلٹی سٹورز اور 50 فیصد مستقل سٹورز ہوں گے جبکہ ضلعی حکومت ضلع کی ترقی و خوشحالی اور بیروزگاری پر قابو پانے کیلئے یونین کونسل کی سطح پر فرنچائزڈ موبائل سٹورز کھولنے کیلئے بھی لائحہ عمل تیار کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ادریس حنیف نے کہا کہ صدر پرویز مشرف ، وزیراعظم شوکت عزیز ،پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ملک کو معاشی و اقتصادی طور پر مستحکم اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدارتی روزگار سکیم کے تحت کم ترقی یافتہ پسماندہ علاقوں کے غریب ، پڑھے لکھے بیروزگاروں کو آسان قرضے فراہم ہوں گے اور میٹرک پاس روزگار افراد مخصوص کاروبار کیلئے 15 ہزار سے لے کر 2 لاکھ روپے تک آسان شرائط پر قرضے لے سکیں گے جو کہ حکومت کا ایک ایسا اقدام ہے جس سے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا اور لوگوں کا معیار زندگی بلندہوگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں