صوبہ کے 12 اضلاع میں 300 روپے تک فیس وصول کرنے والے سکولوں کے طلبہ و طالبات کو مفت کتابیں فراہم کی جائیں گی

فزکس اور بیالوجی کا نصاب محکمہ تعلیم پنجاب نے تیار کرکے منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے،صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود کا تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب

بدھ 20 ستمبر 2006 18:09

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے کہا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے حوالے سے قانون سازی، پرائیویٹ شعبہ کو فروغ تعلیم کے حوالے سے مزید فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانے، رجسٹریشن اور بورڈ سے الحاق کا عمل آسان بنانے کے مقاصد کو مد نظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہے -ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی تعلیمی اتحاد پاکستان کے زیر اہتمام تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا- تقریب میں ملک احمد خان ایم پی اے ، چوہدری عبدالرشید ایم پی اے ، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری)اشرف ناز گوندل اور ڈی پی آئی (سیکنڈری ایجوکیشن ) میاں عبدالحق نے بھی شرکت کی -میاں عمران مسعود نے کہا کہ فروغ تعلیم کی آئینی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے - پرائیویٹ سکول اس ضمن میں حکومت کو اپنی آئینی ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے میں مدد کر رہے ہیں - چند بڑے اداروں کے علاوہ پرائیویٹ سکولوں کی اکثریت تھوڑی فیس لے کر تعلیمی سہولتیں مہیا کر رہے ہیں ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کم فیس لینے کیلئے سکولوں کی مالی سرپرستی میں سرگرم عمل ہے -وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایجوکیشن سیکٹر ریفارم پروگرام کے توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

اس کیلئے ابتدائی طور پر صوبہ کے 12 اضلاع میں 300 روپے تک فیس وصول کرنے والے سکولوں کے طلبہ و طالبات کو مفت کتابیں فراہم کی جائیں گی - انہوں نے کہا کہ معیار تعلیم بلند کرنے کے لئے حکومت نصاب کی تشکیل نو پر خصوصی توجہ دے رہی ہے - فزکس اور بیالوجی کا نصاب محکمہ تعلیم پنجاب نے تیار کیا ہے اور منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے - اس کے علاوہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کے درمیان نصاب کے حوالے سے تجاویز پر بات چیت جاری ہے جس سے امید کی جا سکتی ہے کہ عوام کی امنگوں کا ترجمان نصاب مرتب کیا جا سکے گا اور اس میں اساتدہ او رماہرین تعلیم کی تجاویز کی روشنی میں کی گئی اصلاحات پر مشتمل ہو گا

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں