ضلعی ناظم میاں عامر محمود نے ماہ رمضان میں خوردو نوش کی اشیاء سستے نرخوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کر دی

جمعہ 22 ستمبر 2006 16:15

لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر2006 ) ضلع ناظم میاں عامر محمود نے ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کواشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کیلئے رمضان بازاروں اور اتوار بازاروں میں آٹا ‘گھی ‘ چاول ‘دودھ‘ جوسز‘شربت‘مصالحہ جات اور دیگر فوڈ انڈسٹریوں کے سٹالز لگوا کر یہ اشیاء فیکٹری ریٹ پر فروخت کروائی جائیں ‘ پھل ‘ سبزیاں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں بلا تعطل سپلائی کا بندوبست کیا جائے اورروزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں اعتدال پر رکھنے کے لئے تاجروں کا تعاون حاصل کیا جائے ۔

وہ گزشتہ روز جناح ہال میں رمضان لمبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈی سی او محمد اعجاز ،اعلیٰ پولیس افسران ، ایم ڈی واسا ‘ مختلف محکموں کے ای ڈی اوز ، ٹاؤن میونسپل افسران ، لیسکو اور دیگر محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ضلع ناظم نے ہدایت کی کہ اس سال شہر میں لگائے جانے والے 15اتوار بازاروں اور 13رمضان بازاروں میں مٹن ، بیف ، مچھلی اور مرغی کے گوشت کے اسٹالز لگائے جائیں اور محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ موقع پر موجود رہے ۔

اوز ان کی خصوصی چیکنگ کی جائے اور ناپ و تول میں کمی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے ڈی او (فوڈ ) کو ہدایت کی کہ ملاوٹ کرنے والوں کے چالان کرکے ڈی سی او کو بھجوائے جائیں تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جاسکے ۔ ضلع ناظم نے پولیس افسران سے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران خصوصاً نماز تراویح کے موقع پر مسجدوں کے باہر اور رمضان بازاروں میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے جائیں اور ٹریفک کا بہاؤ بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔

انہوں نے انتظامیہ کو رمضان بازاروں اور مساجد کے باہر پارکنگ کے خصوصی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ ضلع ناظم نے محکمہ ورکس اور ٹاؤن میونسپل افسران کو حکم دیا کہ مساجد کے راستوں پر سٹریٹ لائٹوں کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جائے اور سڑکوں اور گلیوں کے ضروری پیچ ورک کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ڈی او (سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ) کو ہدایت کی کہ مساجد کے باہر صفائی کو یقینی بنایا جائے اور کوڑے کے ڈھیر فوری طور پر اٹھوائے جائیں ۔

ضلع ناظم نے لیسکو اور واسا افسران سے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران خصوصا سحری اور افطاری کے وقت بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزہ داروں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے ڈی سی او کو سوئی ناردرن گیس کے حکام کو سوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لیے لیٹر لکھنے کی بھی ہدایت کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں