صوبہ کی جیلوں میں ہزاروں قیدی کمپیوٹر کورس سے مستفید ہوئے ‘کوٹ لکھپت جیل سے ایک ہزار قیدی کمپیوٹر کورس کر چکے ہیں ،کورس کرنے والوں میں زیادہ قتل ‘ ڈکیتی اور چوری کے مجرم شامل ہیں‘ سعید اکبر خان

جمعہ 22 ستمبر 2006 17:28

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر2006 ) صوبائی وزیر جیل خانہ جات سعید اکبر خان نے کہا ہے کہ صوبہ کی تمام جیلوں میں قیدیوں کے دیگر پیشہ وارانہ کورسز کے علاوہ کمپیوٹر ٹریننگ شروع کی گئی ہے جس سے ہزاروں قیدی مستفید ہو چکے ہیں ۔ کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے تربیتی کورسز کے لئے قومی تاجر اتحاد حفیظ سنٹر کے صدر محمد فیاض خالد کی طرف سے کمپیوٹر دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صرف کوٹ لکھپت جیل میں کمپیوٹر کلاسز سے ایک ہزار سے زائد قیدی مستفید ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قتل ، ڈکیتی اور چوری کے مجرم کمپیوٹر کلاسز اٹینڈ کر رہے ہیں او راس وقت 40 قیدی کمپیوٹر کورس کر رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ صوبہ کی جیلوں میں کمپیوٹر کلاسز کے علاوہ ایک درجن سے زائد کورسز کا اجراء کیا گیا ہے جس کے باعث گزشتہ تین برسوں میں بڑی تعداد میں قیدیوں نے تربیت حاصل کی ہے ۔ اس موقع پر قومی تاجر اتحاد کے صدر اور فرٹرنٹی انٹر نیشنل آرگنائزیشن جس کے زیر اہتمام کوٹ لکھپت جیل میں کمپیوٹر کلاسز جاری ہیں کے سید سہیل حیدر اور امیر علی شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں