ای ایگریکلچر کریڈٹ سکیم کے تحت پہلے مرحلہ پر چھوٹے بڑے کسانوں کو 75 ہزارسمارٹ فونز دئیے جائیں گے، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا

جمعہ 11 اگست 2017 16:51

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) ای ایگریکلچر کریڈٹ سکیم کے تحت پہلے مرحلہ پر چھوٹے بڑے کسانوں کو 75,000سمارٹ فونز دئیے جائیں گے جن میں اُن کے استعمال کی بنیادی اپلیکیشنز پہلے سے موجود ہوں گی،سمارٹ فونز کی مدد سے قرضوں کی آن لائن سسٹم کے تحت وصولی و ادائیگی اور فصلوں کی دیکھ بھال،کیڑے مار ادویات، موسمی اثرات سے تحفظ اور پیداوار میں اضافے جیسی ضروری معلومات تک رسائی کو ممکن بنایا جائے گا ،ای ایگریکلچر کریڈٹ سکیم سبز انقلاب کا ذریعہ بنے گی ، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے نیو منسٹر بلاک پیپلز ہائوس میں ای ایگریکلچر کریڈٹ سکیم کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا، صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی معیشت کا بیشتر انحصار زراعت پر ہے یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت مقامی پیداوار میں اضافے اور کسان کے اطمینان کیلئے ہر ممکن قدم اُٹھانے کیلئے تیار ہے،اجلاس میں ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے پلاننگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کے چیف محمود اختر رانا،ممبر پنجاب ایگریکلچر کمیشن ،نیشنل رورل سپورٹ پروگرام ، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ،نیشنل بینک آف پاکستان، زرعی ترقیاتی بینک، تعمیر بینک، این آرایس پی بینک، اخوت، سٹیٹ بینک اور بینک آف پنجاب کے نمائندگان شریک تھے ،ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے پالیسی ایڈوائزر عرفان رزاق نے ای ایگریکلچر کریڈٹ سکیم پر پیش رفت سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکیم کے تحت چھوٹے کسانوں کو جو قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں ان کی ریکوری کی شرح تقریباً سو فیصد ہے اس ضمن میں اخوت فائونڈیشن اور این آر ایس پی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں،عرفان رزاق نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ کسانوں کو سمارٹ فونز کی فراہمی کے لیے ٹیلی نار کمیونیکیشن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، شرائط اور لائحہ عمل کی منظوری کے بعدجلد اس سکیم کا آغاز کر دیا جائے گا،صوبائی وزیر نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ وہ دیہی علاقوں میں سروے کے ذریعے بلاسود قرضوں کے حصول کے حوالے سے کسانوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیں اورتکنیکی خرابیوں کو دور کر کے رجسٹریشن کے عمل کوموثر بنائیں ،ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے پارٹنر بینکوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ کسانوں کو رقم کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ ان کا اداروں پر اعتماد بڑھے اور وہ بے فکری کے ساتھ پیداوار میں اضافے پر توجہ مرکوز کر سکیں، چیف پلاننگ آفیسر محمود اختررانا نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ محکمہ قرضوں کی فراہمی کیلئے مزید بینکوں کی خدمات حاصل کرنے پر بھی غور کر رہا ہے تا کہ کسانوں کی بینکوں تک رسائی کو آسان تر بنایا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں