پنجاب پولیس سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کا ر لاتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے ‘ امجد جاوید سلیمی

سپیشلائزڈ یونٹس ڈولفن فورس، پیرو، سپیشل پروٹیکشن یونٹ ، اینٹی رائٹس فورس ، سی ٹی ڈی ، سپیشل آپریشن یونٹ اور ریوارئن فورس کے قیام سے فورس کی مجموعی استعداد کار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ،پنجاب پولیس درپیش تمام چیلنجز سے بہتر انداز میں نبرد آزما ہو رہی ہے

پیر 1 جنوری 2018 18:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کا ر لاتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ سپیشلائزڈ یونٹس ڈولفن فورس، پیرو، سپیشل پروٹیکشن یونٹ ، اینٹی رائٹس فورس ، سی ٹی ڈی ، سپیشل آپریشن یونٹ اور ریوارئن فورس کے قیام سے فورس کی مجموعی استعداد کار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس سے پنجاب پولیس درپیش تمام چیلنجز سے بہتر انداز میں نبرد آزما ہو رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں سٹڈی ٹور پر آئے اے ایس پیز کے 44ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر ، ایڈیشنل آئی جی ویلفئیر اینڈ فنانس محمد طاہر ، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن ابو بکر خدا بخش ، ایڈیشنل آئی جی ڈی اینڈ آئی اعجاز حسین شاہ سمیت سنٹرل پولیس آفس کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بروقت آئی ٹی اصلاحات سے پنجاب پولیس کا ورکنگ نظام ترقی یافتہ ممالک کی پولیس فورسسز کے ہم پلہ آگیا ہے جبکہ پنجاب پولیس کے ویلفئیر پراجیکٹس بالخصوص لاہور پولیس کا ’’ویلفئیر آئی سافٹ وئیر ‘‘ خیبر پختونخواہ پولیس کے بعد سندھ پولیس نے بھی اپنارہی ہے جبکہ اس کی شہرت ملک کے دیگر صوبوںتک بھی پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت تمام ریجنز اور اضلاع میں ریفریشر کورسسز شروع کئے گئے ہیں تاکہ افسران و اہلکارسمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے جدید تقاضوں سے خود کوہم آہنگ رکھ سکیں ۔

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب عامر ذوالفقار خان وفد میں شامل اے ایس پیز کو محکمہ پولیس کے آپریشنل طریقہ کار، امن و امان و جرائم کی مجموعی صورتحال ، فرنٹ ڈیسک ، ہومی سائیڈ یونٹ ، فرانزک لیب ، دہشت گردی کے حوالے سے درپیش چیلنجز ، آئی ٹی اصلاحات سمیت دیگر موضوعات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس کے نیشنل ایکشن پلان پر عمل در آمد یقینی بنانے سے گذشتہ برس صوبے میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کے واقعات میںنمایاں کمی آئی ہے جبکہ پنجاب پولیس کی بروقت کاروائیوں کی بدولت صوبے میں قتل ، اغوا برائے تاوان ، ڈکیتی اور رابری سمیت دیگر سنگین جرائم کے واقعات کے گراف میں بھی خاطر خواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

وفد میں شامل افسران نے پنجاب پولیس کی اصلاحات میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے سوالات بھی پوچھے اور بریفنگ کے بعد سنٹرل پولیس آفس میں قائم 8787 کمپلینٹ مینجمنٹ سنٹر، فرنٹ ڈیسک کے سنٹرلائزڈ مانیٹرنگ روم ، کنٹرول روم اورپولیس انفارمیشن اینڈ میڈیا سیل سمیت دیگر اہم پراجیکٹس کا معائنہ بھی کیا ۔دورے کے اختتام پر قائم مقام آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے وفد کے شرکا کو روایتی سووینئیر پیش کیا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں