پنجاب اسمبلی کا اجلاس ، مفاد عامہ کے متعلق کوئی قراردادد منظور نہ کی جا سکی،گنے کے کاشتکاروں کے مسائل معلوم کرنے کے لئے صوبائی وزیر خوراک کی آئندہ اجلاس میں طلبی

منگل 13 فروری 2018 17:22

لاہور۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں منگل کے روز مفاد عامہ کے متعلق کوئی قراردادد منظور نہ کی جا سکی،اجلاس میں زکٰوة و عشر اور یوتھ آفیئرز وسپورٹس کے بارے میں سوالوں کے جوابات دئیے گئے،گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرنے کے لئے صوبائی وزیر خوراک کو جمعہ کو ایوان میں طلب کر لیا گیا، پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں دومحکموں کے صرف9سوالات میں سے صرف دو محرک ایوان میں موجود تھے ، دو محکموں زکٰوة و عشر اور یوتھ آفیئرز و سپورٹس کے بارے میں سوالوں کے جوابات دئے گئے محکمہ زکوٰة عشر کے پارلیمانی سیکرٹری راجہ اویس خالد جبکہ سپورٹس و یوتھ آفیئرز کے متعلق سوالات کے جواب پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سرفراز افضل نے دئیے ۔

(جاری ہے)

میاں طارق کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری راجہ اویس خالد نے کہا کہ مستحقین تک زکوٰة کی ترسیل 94فیصد تک ہے تاہم اس مرتبہ پیچھے سے ہی فنڈ نہیں آئے جس کی وجہ سے معمولی تاخیر ہوئی ۔ وقفہ سوالات کے بعد غیر سرکاری کارروائی کا آغاز ہوا ایجنڈے پر موجود 6مفاد عامہ سے متعلقہ قراردادوں میں سے ایک بھی منظور نہ کی جا سکی، رکن اسمبلی احمد خان بھچر کی دیہی علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے حوالے سے قرارداد تھی، دوسری حنا پرویز بٹ کی پینے کے صاف پانی کے حوالے سے نئے چھوٹے ڈیم بنانے کے بارے میں تھی، تیسری سنیئر صحافی منو بھائی مرحوم کی خدمات کے بارے میں تھی جبکہ چوتھی ہسپتالوں کی لیبار ٹریوں میں مشینری میں اضافے کے متعلق تھی یہ چاروں قراردادیں محرک نہ ہونے کی وجہ سے نمٹا دی گئیں، میاں محمود الرشیدکی قرار داد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں تھی جس کی حکومت کی طرف سے ٹیکنیکل بنیادوں پر مخالفت کی گئی ،حکومت کا یہ موقف تھا کہ اس میں ترمیم کرکے لے آئیں اور لکھا جائے کہ یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے ، کیونکہ اس کا اختیار صوبے کے پاس نہیں ہے ،لیکن ترمیم کے لئے اپوزیشن لیڈر راضی نہ ہوئے جس پر سپیکر نے اس پر ایوان سے رائے لی اور ایوان نے اسے کثرت رائے سے مسترد کردیا ،نکتہ اعتراض پر راؤ کاشف رحیم نے کہا کہ اس وقت گنے کے کاشتکار عدم ادائیگی کی وجہ سے بہت پریشان ہیں ان کے مسائل فوری حل طلب ہیں اس پر توجہ دی جائے جس پر سپیکر نے صوبائی وزیر خوراک کو گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال جاننے کے لئے جمعہ16فروری کو ایوان میں طلب کیا ہے۔

زیرو آورز نوٹسز تحاریک التوائے کار و دیگر ممبران اسمبلی کے بزنس کے جوابات کے لئے سپیکرنے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب تک جتنا بھی اسمبلی بزنس موخرہے اس کے ایک ہفتہ کے اندر اندر جوابات ایوان میں پیش کئے جائیں، ِ ایجنڈا ختم ہونے پر سپیکر نے اجلاس جمعہ16فروری تک ملتوی کردیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں