گردشی قرضوں میں مسلسل اضافہ ملک کی معیشت کے لئے سنگین خطرہ ہے ،مہرین انور راجہ

منگل 17 اپریل 2018 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2018ء)سابق وزیر مملکت انصاف و پارلیمانی امور مہرین انور راجہ نے کہا ہے کہ گردشی قرضوں میں مسلسل اضافہ ملک کی معیشت کے لئے سنگین خطرہ ہے ، ایک طرف ان قرضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف حکمران کہہ رہے ہیں 2050میں پاکستان مضبوط معاشی ملک ہوگا اور اب چوتھا صنعتی انقلاب دستک دے رہا ہے ، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ قرضے لے کر ملک معاشی بد حالی کی نچلی سطح پر پہنچ گیا اور حکمران انقلاب کی باتیں کررہے ہیں، گردشی قرضے عروج پر پہنچ گئے اور ملک بھر میں بے روزگاری نے ڈیرے ڈال لئے اور اب بجٹ میں مزید ٹیکس لگانے پر غور کیا جارہا ہے، ،عوام فاقوں پر مجبور ہیں، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے صنعتیں بند ہیں اور حکمران انقلاب لانے کا اعلان کررہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ پانچ سالوں میں ملک معاشی طور پر تباہ ہوا عوام کے لئے روح اور بدن کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا اور یہاں ملک کو معاشی طورپر مضبوط کہا جارہا ہے ،حکمران بتائیں کہ ملک کس طرح معاشی طور پر مستحکم ہے ،عوام سے جھوٹ بولنے والے اب انتخاب میںشکست کھا جائیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں