کشمیر کی آزادی پاکستان کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے‘ ذکر اللہ مجاہد

کشمیر کی آزادی تقسیم ہند کے نامکمل ایجنڈے کا حصہ ہے جس کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 20 اپریل 2018 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے، بھارت مسلسل کشمیر میں انسانیت کی تذلیل کر رہا ہے جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے زون 138 بادامی باغ کے تنظیمی دورہ کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں رہنما جماعت اسلامی لاہور سابقایم پی اے چوہدری محمد شوکت ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی چوہدر ی محمود الاحد ، امیر زون 138 جماعت اسلامی لاہور ررانا محمد سلمان ، طاہر محمود ودیگر ذمہ داران موجود تھے ۔ امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ کشمیرکی آزادی تقسیم ہند کے نامکمل ایجنڈے کا حصہ ہے ، پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے ۔

(جاری ہے)

بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا مگر ہمارے بزدل حکمرانوں کی ناکام خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے کشمیر کا مسئلہ آج تک حل نہیں ہو سکا اورہر گزرتے دن کے ساتھ کشمیر ی نوجوانوں کی شہادتوں نے کشمیریوں کے جذبے کو پہلے سے زیادہ مضبوط کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں مندر میں ننھی 8سالہ کشمیری مسلمان بیٹی آصفہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے بعد بے دردی کے ساتھ قتل کے واقعہ نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر سمیت پاکستان بھر میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے بلکہ پوری دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ دنیا میں کشمیر سمیت فلسطین، برما اور شام میں مسلمانوںکے استحصال پر اقوام متحدہ سمیت امن کے عالمی اداروں اور این جی اوز کی دوغلی پالیسی قابل مذمت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی آواز کو ہر فورم پر اُجاگر کرتی رہی ہے اور ہم کشمیر کی آزادی تک کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں