عمرا ن خان کی ممبرسازی مہم ناکام ہوگئی، آزاد علی تبسم

اہل لاہور نے عمران خان کا ساتھ نہیں دیا،ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور آئندہ بھی بھرپور جذبے سے کرتے رہیں گے،رکن صوبائی اسمبلی

جمعہ 20 اپریل 2018 22:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہا ہے کہ عمرا ن خان کی ممبرسازی مہم ناکام ہوگئی ،عوام تحریک انصاف سے لاتعلق ہوگئے ہیں ، اہل لاہور نے عمران خان کا ساتھ نہیں دیا ، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ہمارا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے۔ ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور آئندہ بھی بھرپور جذبے سے کرتے رہیں گے۔

عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے بنائے، عوام کی عدالت میں آج ہم سرخرو ہیں۔ میں ہمیشہ کرپشن کے خلاف رہا ہوں اور اس حوالے سے میرے دامن پر کوئی داغ نہیں۔ جھوٹے الزامات لگانے والوں کو سوچنا چاہیئے کہ سرمایہ کاری کرنے والے دوسرے ممالک کیا سوچتے ہوں گے۔ عمران خان الزام خان بن گئے ہیں، انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے خدمت کی سیاست کی، مخالفین الزامات کی گرد اڑاتے رہے۔

(جاری ہے)

جھوٹ بولنے والوں نے اپنا کام کیا اور ہم نے عوام کی خدمت کا اپنا ایجنڈا پورا کیا۔ مخالفین الزامات کی گرد سے ترقی کے منظرنامے کو دھندلا نہیں سکتے۔ سچ سچ ہوتا ہے ، ہزار جھوٹ بھی مل کر ایک سچ نہیں بناسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال جھوٹ کی سیاست کرنے والے پنجاب کے تیزی سے تکمیل کو پہنچتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں سے خوفزدہ ہیں۔ پنجاب کے ہر ضلع میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔

حکومت پنجاب نے تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے آبادی کے تناسب سے زیادہ فنڈز مختص کئے اور اربوں روپے کی لاگت سے پنجاب کے دیہات میں ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکیں بنانے کا اعزاز بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو حاصل ہے جبکہ یہ پہلا موقع ہے کہ پنجاب میں دیہات کی صفائی کا منظم پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ہر چھوٹے بڑے شہر کو لاہور ملتان جیسا ترقی یافتہ اور خوبصورت شہر بنانا چاہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں