ملک کو موجودہ گھمبیر صورتحال سے نکالنے کے لیے خوف خدا رکھنے والی قیادت کی ضرورت ہے ، حافظ محمد ادریس

باطل اور اسلام دشمن قوتوں کے سامنے جھکنے والے امت کی رہنمائی نہیں کرسکتے ۔جب تک کرپٹ اور بددیانت ٹولہ اقتدار کے ایوانوں میں موجود ہے ، عام آدمی امن اور سکون کی زندگی نہیں گزار سکتا نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا منصورہ میں اجتماع سے خطاب

جمعہ 4 مئی 2018 23:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ ملک کو موجودہ گھمبیر صورتحال سے نکالنے کے لیے خوف خدا رکھنے والی قیادت کی ضرورت ہے ۔ باطل اور اسلام دشمن قوتوں کے سامنے جھکنے والے امت کی رہنمائی نہیں کرسکتے ۔جب تک کرپٹ اور بددیانت ٹولہ اقتدار کے ایوانوں میں موجود ہے ، عام آدمی امن اور سکون کی زندگی نہیں گزار سکتا۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ جس دل کے اندر خوف خدا ہوگا ، وہ کسی باطل قوت کے سامنے نہیں جھک سکتا ۔ مغربی کلچر کے دلدادہ اور عالمی استعمار کے پروردہ عالم اسلام کے موجودہ حکمران امت کی قیادت کے اہل ہیں نہ وہ موجودہ حالات سے نکلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ فلسطینیوں کو ا ن کے گھروں سے بے دخل کر کے ان کے گھر بلڈوزکر دیے گئے ، باغات اجاڑ دیے گئے ، مسجدوں کو نذر آتش کیا گیا ، اسی طرح کشمیر میں بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے ۔ آبادیوں اورکھیتوں کھلیانوں کو جلایا گیا ، لاکھوں نوجوانوں کو شہید اور زخمی کیا گیا اور لاکھوں کشمیری بھارت کی جیلوں اور عقوبت خانوں میں اذیتوں کا سامنا کررہے ہیں ۔

روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام ہواا ور انہیں زبردستی برما سے نکال دیا گیا ۔ مصر اور بنگلہ دیش میں عوام کی منتخب قیادت کو جیلوں میں بند کردیا گیا لیکن آج کچھ نام نہاد مسلم حکمران فلسطینیوں پر دبائو ڈال کر انہیں اسرائیل کی غلامی پر مجبور کر رہے ہیں ۔ انہوںنے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ ملک میں اسلامی قیادت کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان امت مسلمہ کو موجودہ حالات سے نجات دلانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرنے کے قابل ہو ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں