اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کینٹ کی کاروائی‘کار وموٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث بھٹی گینگ کے 2ملزمان گرفتار

گرفتارملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی 6 کاریں،2موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد،درجنوں وارداتوں کا اعتراف

جمعرات 17 مئی 2018 22:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کینٹ نے کار و موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے 2ملزمان کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی6کاریں، 2 موٹر سائیکلیں،ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کار و موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام مبشر میکن نے ایس پیAVLS عاطف حیات کو کار و موٹرسائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہوں کی گرفتاری کا ہدف دیا۔

ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف کینٹ سلیم مختار بٹ کی سربراہی میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کینٹ اسسٹنٹ سب انسپکٹر اللہ وارث اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں ریڈ کر کے بھٹی کار و موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ فرمان علی عرف بھٹی اور اس کے ساتھی دلاور عباس کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی 6 کاریں، 2موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیزاور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان اپنے طریقہ واردات میں تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوںکو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے تھے اور گاڑیوں کو KPKکے علاقہ غیر لے جا کر فروخت کر دیتے تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں جو اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں متعدد بار جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے ۔ دوران تفتیش ملزموںنے شہرکے مختلف تھانوں کی حدود سے کار و موٹرسائیکل چوری کرنے کی درجنوں مزیدوارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام مبشر میکن نے کار وموٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں