ملک دشمن بیرونی قوتیں پاک فوج کو متنازعہ بنا کر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں،قوم ملکی سلامتی سے کھیلنے والوں کو جان چکی ہے، حامد رضا

نواز شریف ملک کی سلامتی کے لئے قربانیاں دینے والی فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کر کے قوم کی نظروں میں گر چکا ہے پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج سے محبت کرتی ہے،برطانیہ کے علماء کے وفد سے گفتگو

اتوار 20 مئی 2018 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ملک دشمن بیرونی قوتیں پاک فوج کو متنازعہ بنا کر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔قوم ملکی سلامتی سے کھیلنے والوں کو جان چکی ہے۔ پوری قوم کو کرنل سہیل عابد شہید کی بے مثال قربانی پر فخر ہے۔

فوجی شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔پاک فوج کے خلاف واویلا کرنے والا نواز شریف بھارتی گولہ باری سے معصوم پاکستانیوں کی شہادتوں پر کیوں خاموش ہے۔ پاکستانی قوم مودی اور مودی کے یاروں کو سبق سکھانے کے لئے تیار ہے۔ نواز شریف باغی اور مظلوم بننے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ قوم کرپٹ مافیا کے گارڈ فادر کو مظلوم نہیں ظالم سمجھتی ہے۔

(جاری ہے)

ن لیگ در بدر لیگ بن چکی ہے۔

رمضان میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ نواز شریف ملک کی سلامتی کے لئے قربانیاں دینے والی فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کر کے قوم کی نظروں میں گر چکا ہے۔ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج سے محبت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے دفتر میںبرطانیہ کے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

فوج کی قربانیوں کی وجہ سے کراچی، بلوچستان اور فاٹا میں حکومت کی رٹ قائم اور امن بحال ہوا ہے۔ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی پاکستان مخالف سازشوں کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ پاک فوج ہے۔ کرنل سہیل عابد شہید نے اپنی جان اپنی دھرتی پر قربان کر کے عظیم مثال قائم کی ہے۔ قوم فوجی شہیدوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ فوجی شہداء قوم کے دل کی ایک ایک دھڑکن میں بستے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اسلامیان پاکستان مظلوم اور محکوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ عالمی برادری فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ امریکہ نے القدس میں اپنا سفارت خانہ قائم کر کے امن دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں