اللہ تعالیٰ نے قرآن کو ہماری راہنمائی اور نجات کا ذریعہ بنایاہے، راشد نسیم

قرآن پاک کی وجہ سے امت کو سربلندی عطا ہوئی ہے ۔ مغرب نے قرآن کی توہین اور قرآن پر مقدمات قائم کر کے نعوذ باللہ اسے دہشت گردی کو فروغ دینے والی کتاب ثابت کرنے کی کوشش کی مگر آج سارا مغرب اور یورپ یہ تسلیم کررہاہے کہ دنیا میں امن کا اگر کوئی حقیقی پیغام ہے تو وہ قرآن کریم ہے، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان

جمعرات 14 جون 2018 21:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے ملیر کوثر ٹائون کراچی کی جامع مسجد الہدٰ ی میں ختم قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کو ہماری راہنمائی اور نجات کا ذریعہ بنایاہے اب اس سے راہنمائی حاصل کرنا اور اپنی دنیا و آخرت کو سنوارنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ قرآن پاک کی وجہ سے امت کو سربلندی عطا ہوئی ہے ۔

مغرب نے قرآن کی توہین اور قرآن پر مقدمات قائم کر کے نعوذ باللہ اسے دہشت گردی کو فروغ دینے والی کتاب ثابت کرنے کی کوشش کی مگر آج سارا مغرب اور یورپ یہ تسلیم کررہاہے کہ دنیا میں امن کا اگر کوئی حقیقی پیغام ہے تو وہ قرآن کریم ہے یہی وجہ ہے کہ قرآن نہ صرف مسلم ممالک بلکہ غیر مسلم اور اسلام دشمن معاشروں میں بھی اپنا ایک مقام بنارہاہے ۔

(جاری ہے)

قرآن کی روشن تعلیمات پر عمل کرنے ، قرآن کو حفظ کرنے اور قرآن پر ایمان لانے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ آئین پاکستان میں قرآن و سنت کی بالادستی کو تسلیم کیا گیاہے اور قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون بنانے کی اجازت نہیں مگر یہاں لاقانونیت کی انتہا ہے کہ آئین سے بغاوت کی جارہی ہے ۔ ملک میں سودی نظام ہے جس کی وجہ سے معیشت زبوں حالی سے دوچار ہے اور عام آدمی معاشی تنگ دستی اور غربت کاشکار ہے ۔

انہوںنے کہاکہ قوم کو اب مزید دھوکے اور فریب میں مبتلا رہنے اور لٹیروں کو گردنوں پر سوار کرنے کی بجائے متحدہ مجلس عمل کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دینا ہوگا ۔ نوے فیصد سے زائد لوگ ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں اب ان لوگوں کو متحد ہو کر ایم ایم اے کے امیدواروں کو کامیاب کراناہوگا تاکہ پاکستان کو اس کے قیام کے حقیقی مقصد سے ہمکنار کیا جاسکے ۔ دریں اثنانائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم 15 جون ، کو بفرزون کراچی جامع مسجد طہٰ میںجمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کریں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں