ایم ایم اے کے امیدوار فائنل کر لئے گئے ہیں ، شاہ محمد اویس نورانی

ایم ایم اے میں شامل جماعتوں میں ٹکٹوں کی تقسیم پر کوئی اختلاف نہیں۔ دوسری جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کریں گے، مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے پاکستان

جمعرات 14 جون 2018 21:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کے امیدوار فائنل کر لئے گئے ہیں۔ ایم ایم اے میں شامل جماعتوں میں ٹکٹوں کی تقسیم پر کوئی اختلاف نہیں۔ دوسری جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کریں گے۔

ایم ایم اے عید کے بعد کراچی، راولپنڈی، ملتان سمیت تمام بڑے شہروں میں بڑے جلسے منعقد کرے گی۔ انتخابی مہم کا روڈ میپ تیار کر لیا ہے۔ ایم ایم اے کو ملک بھر کے دینی طبقات کی حمایت حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ہماری سیاست حق کو غالب کرنے کی سیاست ہے۔

(جاری ہے)

اسلام پسند طبقات الیکشن میں تاریخی کامیابی کے لئے متحد ہو جائیں۔ اہل حق کا اتحاد باطل قوتوں کی شکست کا سبب بنے گا۔ موجودہ الیکشن میں کراچی میں لسانیت کے علمبرداروں کی سیاست دفن ہو جائے گی۔ اس الیکشن میں نئی صاف ستھری قیادت ابھر کر سامنے آئے گی۔ ایم ایم اے مضبوط، دیانتدار اور باصلاحیت امیدوار میدان میں اتار رہی ہے۔ کتاب کا نشان عوامی مقبولیت حاصل کرے گا۔ کتاب کا نشان علم اور شعور کی علامت ہے۔ ہم قوم کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف کی بجائے کتاب دیکھنا چاہتے ہیں۔ قوم انقلاب نظام مصطفے کے لئے ایم ایم اے کا ساتھ دے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں