پی ٹی آئی کے امیدوار رضا نصراللہ گھمن کو انتخابی نشان بلا الاٹ کرنے کا حکم

پیر 9 جولائی 2018 19:27

لاہور۔9 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب سے حلقہ این اے 105 فیصل آباد سے پی ٹی آئی کے امیدوار کو انتخابی نشان بلا الاٹ نہ کرنے کے خلاف درخواست پر ریٹرننگ افسر کو امیدوار رضا نصراللہ گھمن کو انتخابی نشان بلا الاٹ کرنے کا حکم دے دیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے امیدوار رضا نصراللہ گھمن کی درخواست پر سماعت کی ۔

عدالت کے رو برودرخواست گزار کی طرف سے چوہدری محمد حنیف جٹ ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ عدالت نے پی ٹی آئی کے امیدوار رانا آصف توصیف کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے جس پردرخواست گزار نے پارٹی کے متبادل امیدوار کے طور پر انتخابی نشان بلا کے لیئے رجوع کیا تو ریٹرننگ افسر نے انتخابی نشان بلا دینے سے انکار کر دیا، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بیلٹ پیپرز کی ابھی پرنٹنگ کا کام شروع نہیں کیا گیا، جبکہ تحریک انصاف کی طرف سے پارٹی ٹکٹ ملنے کے بعد انتخابی نشان الاٹ کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ بھی نہیں، درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالت ریٹرننگ افسر کو انتخابی نشان بلا الاٹ کرنے کا حکم دے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام شروع نہیں کیا گیا۔ جس پر عدالت نے ریٹرننگ افسر کو امیدوار رضا نصراللہ گھمن کو انتخابی نشان بلا الاٹ کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں