انتخابات کے حوالے سے نفرت پھیلانے والے قوم کے دشمن ہیں، پیر اعجاز ہاشمی

قومی رہنماوں کا مذاق،فرقہ وارانہ اختلافات کو ہو ا دینا اکابرین کی محنت کو ضائع کرنے کی ساز ش ہے، نائب صدر ایم ایم اے

پیر 16 جولائی 2018 23:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2018ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے انتخابات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی غلیظ مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کے طبقات میں نفرت پھیلانے والے قومی خدمت سرانجام نہیں دے رہے، قوم کے دشمن ہیں۔ کچھ جماعتیں قومی رہنماوں کا مذاق اڑارہی ہیں تو کچھ عناصر فرقہ وارانہ اختلافات کو ہو ا دے کر اکابرین کی محنت کو ضائع کرنے کی ساز ش کررہے ہیں۔

انہوں نے خبر دار کیا کہ اہل سنت میں خارجی اور تکفیری سوچ نہیں پائی جاتی، ایسے عناصر ملک دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ پاکستان کے اہل سنت مولانا شاہ احمد نورانی کے فلسفہ اتحاد کے پیرو کار ہیں، جنہوںنے ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل کی بنیاد رکھ کر تمام اسلامی مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔

(جاری ہے)

ایم ایم اے اسلامی سوچ رکھنے والی جماعتوں پر مشتمل ہے جو نظام مصطفی کے نفاذ کی عملی جدوجہد کررہی ہیں ، مگرسیکولر قوتیں ، دینی ووٹ کو تقسیم کرنے کے لئے شدت پسند گروہ پیدا کررہی ہیں۔

ان رویوں کا قوم 1990ء کی دہائی میں بہت نقصان اٹھا چکی ہے۔ اب تک اس کے اثرات کو مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لیکن ایم ایم اے کی سیاسی قوت اور اتحاد امت کے نظریہ سے خوفزدہ سیکولر عناصر مذہبی لبادے میں کچھ نام نہاد افراد کو استعمال کرکے فرقہ واریت کو پھر سے ہوا دینا چاہتے ہیں۔ جسے انشااللہ متحدہ مجلس عمل نے پہلے بھی ناکام بنایا آئندہ بھی بنائے گی۔

پیر اعجا ز ہاشمی نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم پر تمام جماعتیں متحد ہیں، جنہوںنے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے کام کیا اور پر عزم ہیں کہ معاشرے میں مزید کسی بھی نفرت کو برداشت نہیں کریں گی۔ اسلامی فرقوں کے درمیان اختلافات صدیوں پرانے ہیں، جو پہلے ختم ہوئے نہ آئندہ ہوں گے، مگر اسلامی اقدار کے فروغ اور نظام مصطفی کا نفاذ قدر مشترک ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں