نئی نسل کی دوقومی نظریہ و تحریک پاکستان سے آگاہی ضروری ہے،تحریک پاکستان

پیر 16 جولائی 2018 23:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2018ء) نئی نسل کو دوقومی نظریہ، تحریک پاکستان ، قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ہمارے آباواجداد نے آزادی کیلئے بڑی قربانیاں دیں لہٰذا آزادی کی قدر کریں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کی22ویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق، سینئر صحافی ودانشور سعید آسی، ممتاز صنعتکار سلمان فاروق، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، بیگم صفیہ اسحاق، عطی اللہ بیگ اور سیکرٹری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید موجود تھے۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے جس کا ماٹو ’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔

(جاری ہے)

فیض اللہ فراق نے کہا کہ نئی نسل کے ذہنوں میں وطن عزیز کی محبت راسخ کرنے کیلئے نظریاتی سمر سکول کا انعقاد خوش آئند قدم ہے۔ اس مٹی کی محبت ہمارے اولین اور بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ نئی نسل ہمارا مستقبل ہے اور انہوں نے ہی کل ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ آپ علم حاصل کریں ، اپنے والدین اور اساتذہٴ کرام کا ادب واحترام کریں۔ اپنے علم کو عمل میں بدلیںاور اپنی صلاحیتیں پاکستان کی تعمیروترقی کیلئے وقف کر دیں۔

ممتاز صحافی سعید آسی نے کہا کہ آج نصاب تعلیم میںسے مشاہیر تحریک آزادی کی حیات وخدمات کو نکالا جا رہا ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت نئی نسل کو دوقومی نظریہ، قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد اور بانیان پاکستان کے افکارونظریات سے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ نظریاتی سمر سکول قوم کے ذہنوں سے نظریہٴ پاکستان کو محو کرنیوالے عناصر کو منہ توڑ جواب دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستونگ میں پاکستانیت کی آواز بلند کرنیوالوں کو نشانہ بنایاگیا۔ مستونگ میں محب وطن حلقوں کو نشانہ بنانا دشمن کی سازش ہے ۔ اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کی شیادت ایک قومی سانحہ ہے۔ نوجوان دانشور سلمان فاروق نے کہا یہ ملک ہمارے آباواجداد نے لازوال قربانیوں کے بعد حاصل کیا۔آزادی کی قدر کریں ۔ نئی نسل ہمارا مستقبل اور قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔

آپ تعلیم پرتوجہ دیں کیونکہ علم کا حصول آپ کیلئے فرض اولین ہے۔ یاد رکھیں کہ تربیت کے بغیر علم ادھورا ہے۔ ہم سب کیلئے یہ بات قابل فخر ہے کہ چند روز قبل نے پاکستان نے دو جدید ترین سیٹیلائٹس خلاء میں چھوڑے ہیں ۔ ہمیں قومی زبان اردو کو فروغ دینا چاہئے کیونکہ ہر ملک نے اپنی قومی زبان کو اپنا کر ہی ترقی کی منازل طے کی ہیں۔پروگرام کے دوران پشاور، بنوں اور مستونگ میں دہشتگردانہ حملوں میں زہید ہونیوالے افراد کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی ۔علاوہ ازیں نظریاتی سمر سکول کے طلبا وطالبات کے ایک وفد نے غازی علم الدین شہیدؒ، میجر شبیر شریف شہیدؒ، محمد مالک شہیدؒ اور مجید نظامی ؒ کے مزارات پر حاضری دی ،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں