سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کا اچانک دورہ

لوڈشیڈنگ کے دوران جنریٹرز سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے وائرنگ جلد مکمل کرنے کی ہدایت سیکرٹری صحت علی بہادر قاضی نے ایمرجنسی، انڈور، ٹی بی کلینک، ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک سی ٹی سکین و دیگر سہولیات کا معائنہ کیا

جمعرات 19 جولائی 2018 17:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب علی بہادر قاضی نے جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال قصور کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی، انڈور کے علاوہ ٹی بی کلینک، بچہ وارڈ، پی کے ایل آئی کا ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک ، سی ٹی سکین، لیبارٹری کا معائنہ کیا۔

علی بہادر قاضی نے شعبہ ایمرجنسی اور وارڈز میں زیرعلاج مریضوں سے ان کی خیریت معلوم کی اور طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے ہسپتال کی جانب سے طبی سہولیات اور ادویات کی مفت فراہمی پر اظہار اطمینان کیا۔قبل ازیں ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر نے سیکرٹری صحت علی بہادر قاضی کو ہسپتال کی ورکنگ اور ترقیاتی منصوبوںکے بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر احمد سعدین، ڈی ایم ڈی پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ محمد احمد اور آئی ڈی اے پی کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کے آئوٹ ڈور میں روزانہ اوسطاً 3ہزار اور شعبہ ایمرجنسی میں 25سو مریض علاج معالجہ کیلئے آتے ہیں۔ اس موقع پر بتایاگیا کہ ہسپتال میں لوڈشیڈنگ کے دوران بجلی کی فراہمی کیلئے چارجنریٹرز فراہم کئے گئے ہیں تاہم ابھی ایک جنریٹر سے ہسپتال کے اہم شعبوں کو لوڈشیڈنگ کے دوران بجلی فراہم کی جاتی ہے جبکہ دیگر جنریٹرز کو فعال کرنے کیلئے وائرنگ کی جا رہی ہے۔

سیکرٹری صحت علی بہادر قاضی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وائرنگ کا کام جلد از جلدمکمل کیا جائے تاکہ باقی جنریٹرز سے بھی ہسپتال استفادہ کرسکے۔ علی بہادر قاضی نے آئی ڈی اے پی کی زیرنگرانی ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر پی ایم یو کے محمد احمد نے بتایاکہ ہسپتالوں کی ری ویمپنگ پروگرام کے تحت 40ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کام رواں سال دسمبر تک مکمل کر دیئے جائیں گے۔

سیکرٹری صحت نے ٹی بی کلینک، ڈینگی کائونٹر، ڈینگی وارڈ کا بھی معائنہ کیا تاہم ڈینگی وارڈ میں ابھی کوئی مریض زیرعلاج نہیں ہے۔ انہوں نے پی کے ایل آئی کے زیراہتمام ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک میں بھی مریضوں سے علاج معالجہ اور لیبارٹری ٹیسٹ کی سہولیات بارے دریافت کیا۔ علی بہادر قاضی نے ہسپتال کا مضر صحت کوڑا کرکٹ جمع کرنے کیلئے بنائے گئے یلو روم اوراسے تلف کرنے کیلئے انسنیریٹر کا بھی معائنہ کیا۔ سیکرٹری صحت نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں