ملکی وقار، ترقی کیلئے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ اصولی موقف ہے : سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف

جمعرات 19 جولائی 2018 23:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر اسداشرف نے کہاہے کہ ملکی وقار، ترقی، خوشحالی کیلئے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ اصولی موقف ہے۔ الزام تراشی کی سیاست سے نہ صرف پارلیمانی نظام کیلئے مشکلات پیدا ہوتی ہیں بلکہ عوام کے اندر سیاست دانوں کے بارے میں انتہائی غیر مناسب سوچ جنم لیتی ہے۔الزام تراشی کی سیاست سے معاشرے میں عدم برداشت کے رویہ کو پروان چڑھایا گیا، جو نوجوان نسل کو سیاسی نظام کی دشمن بنا رہی ہے۔

جامعہ نعیمیہ میں طلبا کے ساتھ ایک تربیتی نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کوعزت دیئے بغیرملکی ترقی کاحصول ممکن نہیں۔25جولائی کوالیکشن ڈے پر عوام اپناووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اس کاتحفظ بھی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

دینی طلبا کا ملکی سیاست میں انتہائی اہم کردار ہے ،منبر و محراب سے حق و صداقت کے ساتھ بلند ہونے والی پر اثر آواز روشن پاکستان کے استحکام میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

نعیمی خاندان کی دینی اور ملی خدمات تاریخ کا روشن باب ہے۔جامعہ نعیمیہ میں زیر تعلیم طلبا مفتی محمد حسین نعیمی کے اعتدال پسندانہ مشن کو آگے بڑھائیں۔ ظلم و نا انصاف کے خلاف آواز بلند کرنا اہل حق کو شیوہ رہا ہے۔ اس موقع پر ادارے کے سربراہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ جامعہ نعیمیہ اُن تمام قوتوں کے ساتھ رہا ہے جو اسلام کی سربلندی و ملکی استحکام کیلئے سرگرم رہیں ۔حالیہ دنوں میں ہونے والے بم دھماکے تشویش ناک ہیں۔ اس موقع پر وائس چیئرمین یوسی مفتی قیصر شہزاد نعیمی، پیر فاروق احمد اورحافظ محمد سلیم نعیمی بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں