رائے ونڈ کے صوبائی حلقہ میںمسلم لیگ ن کی الیکشن ٹکٹ کیلئے کروڑوں روپے لئے جانے کا جیتا جاگتاسکینڈل منظر عام پر آگیا

میدوار صوبائی حلقہ پی پی 172چودھری عشرت علی بھلر پریس کلب رائے ونڈ میں سابق وفاقی وزیر بجلی و پانی عابد شیر علی کے خلاف پھٹ پڑے یوتھ ونگ لاہور کے کوٹے سے ٹکٹ دلوانے کا جھانسہ دیکر دو کروڑ سے زائد رقم مختلف طریقوں سے اینٹھ لی گئی ، چودھری عشرت بھلر کا الزام

جمعرات 19 جولائی 2018 23:37

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) نواز،شہباز شریف کے شہررائے ونڈ کے صوبائی حلقہ میںمسلم لیگ ن کی الیکشن ٹکٹ کیلئے کروڑوں روپے لئے جانے کا جیتا جاگتاسکینڈل منظر عام پر آگیا ،چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ لاہوڑ ڈویژن امیدوار صوبائی حلقہ پی پی 172چودھری عشرت علی بھلر پریس کلب رائے ونڈ میں مسلم لیگی رہنماء صدر یوتھ ونگ پنجاب میاں فیملی کے قریبی رشتہ دار سابق وفاقی وزیر بجلی و پانی عابد شیر علی کے خلاف پھٹ پڑے ، یوتھ ونگ لاہور کے کوٹے سے ٹکٹ دلوانے کا جھانسہ دیکر دو کروڑ سے زائد رقم مختلف طریقوں سے اینٹھ لی گئی ، دھوکہ دہی کا شکار چودھری عشرت بھلر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صدر یوتھ ونگ لاہور ڈویژن حافظ محمد جمیل جرال نے ان کو عابد شیر علی کیساتھ ملوایا ،جنہوں نے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کیلئے میری کارکردگی کو سراہتے ہوئے مجھے صوبائی ٹکٹ دلوانے کی یقین دہانی کروائی اوربعدازاں کہا کہ آپ کو یوتھ ونگ لاہور ڈویژن کے کوٹہ سے ٹکٹ کیلئے فائنل کردیا گیا ہے ، اب کچھ خرچہ کرنا پڑے گا ،اس دوران مجھے حمزہ شہباز سے بھی ملوایا گیا ،اور پوری طرح شیشے میں اتارنے کے بعد اپنے اصل مشن پر لوٹ آئے اور مجھے ٹکٹ کنفرم کرنے کے نام پر بے دریغ انداز میں لوٹنا شروع کردیا ،انہوں نے کہا کہ یہ لوگ چھ ماہ کے دوران مجھ سے مٹھائی کے نام پر قیمتی گاڑی سمیت 67لاکھ روپے کا فراڈ کیا جس کا میرے پاس ایک ایک پیسے کا ثبوت ہے ،جبکہ جمیل جرال نے اپنے گھر اور دفتر کے ہر ماہ لاکھوں روپے کرایہ کے علاوہ جلسے جلوسوں اور پراٹوکول میں مد میں میراتقریباً دوکروڑ تک کا خرچہ کروادیا،لیکن جب ٹکٹ میری بجائے مرزا محمد جاوید کو مل گئی تو میں نے اپنی رقم کا تقاضہ کردیا ،جس پر انہوں نے ڈھٹائی کے ساتھ کہا کہ رشوت کی رقم کی کوئی واپسی نہیں ہوتی ،اور کھلی غنڈہ گردی پر اتر آئے ہوئے کہا کہ تم سے جو بن پڑتا ہے کرکے دیکھ لو، نیب میں جائو ،عدالت میں کیس کردو، یا میاں نوازشریف کو شکائت کرو،ہمارا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ،اورمیڈیا کے سامنے آنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ،انہوں نے کہا کہ وہ خاندانی مسلم لیگی ہیں ،انہوں نے کہا کہ وہ اس فراڈ اور دھوکہ دہی کیخلاف میدان میں آگئے ہیں اورمسلم لیگ ن کی صفوں میں گھسے ان جعلسازوں کو کیفرکردار تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ،انہوں نے گاڑی کی ان کے چیک پر خریداری کی رسید اور دیگر ثبوت فراہم کئے ،اور قائدین مسلم لیگ ن سے ان کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ،دریں اثناء اس موقع پر انہوں نے احتجاجاًمسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے چیف آرگنائزر کے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا ،حلقہ میں اس خبر کے پھیلنے پر مسلم لیگی رہنماء ان کو خاموش رہنے کے مشورے دے رہے ہیں ،مگر عشرت بھلر زخمی شیر بن چکے ہیں،

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں