سرکاری سکولوں میں تعلیم کو بہتر کریں گے ‘ کمزور اور مظلوم طبقہ کو اوپر اٹھائیں گے، موقع ملا تو سارے پاکستان کو کے پی کے جیسا بنائیں گے ‘ وہ پاکستان بنائیں گے ، عمران خان

جمعہ 20 جولائی 2018 00:00

لاہور۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور پنجاب کا اور پنجاب پاکستان کا فیصلہ کرے گا‘یہ ثابت کر کے دکھائیں گے کہ لاہور پی ٹی آئی کا شہر ہے ۔ اقتدار میں آ کر ہیلتھ کارڈ کو پورے ملک تک پھیلائیں گے ‘ پولیس کا نظام ٹھیک کریں گے ‘ سرکاری سکولوں میں تعلیم کو بہتر کریں گے ‘ کمزور اور مظلوم طبقہ کو اوپر اٹھائیں گے ۔

موقع ملا تو سارے پاکستان کو کے پی کے جیسا بنائیں گے ‘ وہ پاکستان بنائیں گے جو قائد اعظم کا خواب تھا ‘ (ن) لیگ اور پی پی پی سے ہاتھ ملانے کی بجائے اپوزیشن میں بیٹھیں گے ‘ پاکستان میں امیر اور غریب کیلئے ایک ہی قانون ہو گا‘ یونیورسٹیاں بنائیں گے ‘ کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہو گی ‘ پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کی شب ٹھوکر نیاز بیگ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی امداد سے اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو گا ‘ اپنے وسائل سے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے ‘ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء کریں گے تاکہ غریب پیسے نہ ہونے کی وجہ سے علاج سے محروم نہ رہ سکے۔ صوبہ کے پی کے میں ہیلتھ انشورنس اور ہیلتھ کارڈ متعارف کروائے۔ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 5لاکھ 40ہزار روپے تک صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے نظام تعلیم کو بہتر کریں گے تاکہ غریب کا بچہ بھی ڈاکٹر ‘ انجینئراور وزیر اعظم بن سکے۔صوبہ کے پی کے میں سرکاری سکولوں کو ٹھیک کیا جہاں ایک لاکھ بچے پرائیویٹ سکولوں سے سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ سرکاری سکولوں میں بچوں کو قرآن کی تعلیم ترجمے کے ساتھ دی جا رہی ہے ۔ عمران خان نے مزید کہا کہ اقتدار میں آ کر ملک کی پولیس کو ٹھیک کر کے دکھائیں گے ۔

کے پی کے میں ساڑھے 6ہزار پولیس اہکاروں کو کرپشن کے باعث نکالا گیا۔ کے پی کے میں پولیس کو غیر سیاسی کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے ۔ صوبہ کے پی کے میں دہشت گردی بہت زیادہ تھی جس کو ختم کیا اور وہاں کے عوام خوشحال ہیں ۔ وہاں پر امن آ گیا ۔ انہوں نے کہا کہ غربت اور بے روز گاری ملک کا سنگین مسئلہ ہے اقتدار میں آ کر غربت کا خاتمہ کر کے ملک میں روز گار کے مواقع پیدا کریں گے اور کمزور اور مظلوم طبقہ کو اوپر اٹھائیں گے۔

صوبہ کے پی کے میں میں غربت 27فیصد سے کم ہو کر 13فیصد تک آ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آ کر نئے سکول‘ کالج ‘ یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لائیں گے تاکہ نوجوان تعلیم حاصل کر کے ملک کے مفید شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے سے پہلے انہوں نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کی بنیاد رکھی جہاں غریب فراد کا مفت علاج ہو رہا ہے ‘نمل یونیورسٹی بنائی جہاں طالب علم سکالر شپ حاصل کر کے بیرون ملک تعلیم کیلئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ ٹورازم میں نئے پوائنٹ کھولیں گے جس سے معیشت میں بہتری آئے گی ۔ صوبہ کے پی کے میں ٹورازم 100فیصد سے زیادہ بڑھ گئی ہے انہوں نے کہا کہ مخالفین پی ٹی آئی کی سیاسی مقبولیت سے پریشان ہے ‘لاہور میں 10سالہ اقتدار میں یہاں پینے میں صاف پانی میسر نہیں ‘ ہسپتالوں کی حالت بد تر ہے ‘ امن و امان کی صورت حال تشویش ناک حد تک بڑھ گئی ہے ‘ اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو اداروں کو مضبوط کریں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں