سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کا جنرل ہسپتال کا اچانک دورہ ، مختلف شعبوں کا جائزہ لیا

ایک مریض ایک اٹینڈنٹ کی پالیسی پر عمل کیا جائے، لواحقین کیلئے مزید شیڈز تعمیر کرنے کی ہدایت

ہفتہ 21 جولائی 2018 19:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ثاقب ظفر نے ہفتہ کی سہ پہر اچانک لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور شعبہ ایمرجنسی و پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے مختلف شعبوں سمیت ہسپتال میں دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے فرداًفرداً مریضوں کے پاس جا کر ان کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال میں دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا ،پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر آغاشبیر علی ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین ، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ بانو اور انتظامی ڈاکٹرزبھی موجود تھے ،ثاقب ظفر نے معائنے کے دوران آپریشن تھیٹر ، آئی سی یو، فارمیسی اور ڈینگی کاؤنٹر کا بھی جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واش رومز بھی دیکھے ،سیکرٹری ہیلتھ نے شعبہ حادثات میں مریضوں کے عزیز و اقارب کے رش پر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی ایک مریض ایک اٹینڈنٹ کی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مریضوں کے ساتھ آنے والوں کیلئے مزید شیڈز تعمیر کرنے کا حکم دیا ۔پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر آغا شبیر علی نے بتایا کہ لاہور جنرل ہسپتال بالخصوص دماغی امراض کے حوالے سے اپنی نوعیت آپ کا طبی ادارہ ہے جہاں ملک بھر سے لوگ اس ہسپتال کارخ کرتے ہیں اور روزانہ6ہزار کے لگ بھگ مریض مستفید ہوتے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ شام کی شفٹ میں بھی سینکڑوں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات بہم پہنچائی جاتی ہے ،سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ صحت کا شعبہ کسی بھی حکومت کی اولین ترجیح ہوتی ہے ،انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ادارے کا معیار مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ،ثاقب ظفر نے کہا کہ مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج معالجے کی فراہمی جاری رکھی جائے ،انتظامیہ بھی اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں