کرپٹ سیاستدانوں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ کر ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ بنا دیا ہے،

امیدواران ایم ایم اے عوام ملک کی نام نہاد جمہوری اور تبدیلی کے دعویدار سیاسی پارٹیوں سے تنگ آ چکی ہے متحدہ مجلس عمل کے این اے 135 سے امیدوار امیر العظیم اور پی پی 173 سے نامزد امیدوار ذکر اللہ مجاہد کا وارث کالونی میں انتخابی جلسے سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 22:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے این اے 135 سے نامزد امیدوار اور ترجمان جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاستدانوں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ کر ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ بنا دیا ہے جبکہ دوسری طرف تبدیلی کا نعرہ لگانے والی پارٹی پر بھی لوٹوں نے قبضہ کر لیا ہے جس کی وجہ سے مثبت تبدیلی کی راہ کھوٹی ہو گئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے وارث کالونی یوسی 112 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انتخابی جلسے میں پی پی 173 سے نامزد امیدوار ذکر اللہ مجاہد ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ،یوسی کے سابق کونسلر امان اللہ خان، شیخ محمد نعیم ، مظہرجیلانی، چوہدری عبدالواحد سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ کے لوگوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

امیر العظیم نے کہا کہ ملک میں انصاف کے داعی ادارے پانامہ لیگس میںشامل434 افراد کو بھی بلا امتیاز انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے تو قوم کو عدالتوں پر اعتماد بحال ہو گا ۔ اور اب قوم کو چوروں اور بدمعاش خاندانوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا ، ایم ایم اے حکومت میں آکر کرپشن اور لوٹا ازم کا راستہ روکے گی ، ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری اورلوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے گی ، پانی کے بحران سے نمٹنے کیلئے ڈیموں کی تعمیر کرے گی ، عوامی مسائل کو ترجیجی بنیادوں پر حل کرے گی ۔

عوام 25 جولائی کو ملک و قوم کے مسائل کے حل کیلئے کتاب کے نشان پرمہر لگا ئیں ہم اقتدار میں آکر پاکستان کواسلامی ، فلاحی اور رفاہی بنائیں گے جس میں انصاف ، روزگار ، انسانی بنیادء حقوق کی فراہمی ہر امیر و غریب انسان کیلئے برابری کی بنیاد پر میسر ہو گی ۔ اس موقع صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور اور امیدوار پی پی 173 ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عوام ملک کی نام نہاد جمہوری اور تبدیلی کے دعویدار سیاسی پارٹیوں سے تنگ آچکی ہے اور انہی پارٹیوں کے حکمرانوں نے ملک وقوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس حلقہ پر ایک ہی خاندان مسلط ہے جن کی کارکردگی نے علاقے کو مسائلستان بنادیا ہے ۔ یہ حلقہ پینے کے صاف پانی ، قبرستان اور دیگر انسانی بنیادی سہولیات محروم ہے ، عوام یہاں دونوں پارٹیوں سے مایوس ہیں دولت کی بنیاد پر ایک ہی برداری نے دونوں پارٹیوں کو یرغمال بنایا ہو ا ہے ، اب کی بار علاقہ کی تمام برداریاں کھوکھر ازم کے خلاف متحدہ ہو گئی ہیں اور کھوکھر برادری کے لوگوں بھی اب کرپٹ اور برادری کو بدنام کرنے والوں افراد کا ساتھ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ آزمائے ہوئوں کو دوبارہ آزمانابے وقوفی ہے ،اہل علاقہ اس بار کتاب کے نشان پر مہر لگا ئیں انشاء اللہ آپ کو ملک میں خوشحالی اور حقیقی تبدیلی نظر آگے ۔اس موقع پر علاقہ کی گجر برداری نے متحدہ مجلس عمل کے امیدواران کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں