سٹی ٹریفک پولیس نے الیکشن ڈے کیلئے ٹریفک پلان جاری کر دیا

اتوار 22 جولائی 2018 04:00

لاہور۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) سٹی ٹریفک پولیس شہر میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہونے ،اہم شاہرراہوں جلسے جلوسوں اورکارنر میٹنگز کے دوران بھی شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی رروانی کو یقینی بنائے ہوئے ہے، سٹی ٹریفک پولیس نے الیکشن ڈے کیلئے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ٹریفک پلان کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کی سپرویژن میں ایس پی ٹریفک صدر ڈویژن سردار آصف خاں،ایس پی ٹریفک سٹی ڈویژن محمد آصف صدیق سمیت12ڈی ایس پیز ،168انسپکٹرز، 234پٹرولنگ افسران سمیت تین ہزار وارڈنز تعینات ہونگے،سی ٹی او کاکہناتھا کہ الیکشن ڈے پر130لیڈی وارڈنز، ٹریننگ پر گئے دو سو کانسٹبل اور سٹی ٹریفک پولیس کے دفاتر میں تعینات تمام عملہ ٹریفک کے فرائض سرانجام دے گا اس کے علاوہ ہر ٹریفک سرکل میں ایک ایک ایمرجنسی اسپیشل اسکورڈز بھی تشکیل دیا گیا ہے جو ٹریفک بلاک ہونے یا شہری کی فون کال پر فوری موقعہ پر پہنچ کر ٹریفک کلیئر کروائے گا۔

(جاری ہے)

پولنگ اسٹیشنز کے باہر رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے 50لفٹرز، 5 بریک ڈاؤن بھی تعینات ہونگے، انہوں نے ایس پیزاور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک وارڈنز کو روزانہ کی بنیاد پر ڈیوٹی کی حساسیت بارے مفصل بریفنگ دیں۔سرکل افسران وارڈنز کو ٹریفک ڈیوٹی کیساتھ ساتھ مشکوک افراد، لاوارث اشیاء پر کھڑی نظر رکھنے کی ہدایت کریں، انہوں نے کہا کہ پارکنگ پوائنٹس پولنگ اسٹیشنز کے قریب بنانے کی اجازت نہیں ہو گئی،اہم شاہراہوں پرموثر پٹرولنگ سسٹم کو یقینی بنایا جائے گا۔

ووٹرز کو آنے جانے میں آسانی ہو گی، ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہو گا،کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہاکہ ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی پر شناختی کارڈ پر چالان کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے،شناختی کارڈ پر چالان کرنے سے ووٹر کو ووٹ ڈالنے میں مشکلات ہو سکتی ہیں،شہری پولنگ ڈے پر ٹریفک پلان کو یقینی بنانے کیلئے وارڈنز کا ساتھ دیں۔ٹریفک ریڈیو، راستہ ایپ کے ذریعے شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ ٹریفک صورتحال بارے آگاہ رکھا جائے گا،شہری کسی بھی پریشانی،راہنمائی کیلئے پولیس ہیلپ لائن15پر کال کر سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں