لاہور، عام انتخابات کو پُر امن بنانے کیلئے لاہور پولیس کا موثر پٹرولنگ پلان جاری

پیر 23 جولائی 2018 22:24

لاہور۔23جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) لاہور پولیس نے عام انتخابات کو پُر امن بنانے کیلئے موثر پٹرولنگ پلان جاری کردیا، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاداکبر نے کہا ہے کہ پٹرولنگ پلان کے مطابق پولنگ ڈے پر ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیمیں صبح سات بجے شہر کی اہم شاہرائوں کا کنٹرول سنبھال لیں گی، شہر میں مجموعی طور پر 3673 پولنگ اسٹیشنز اور 1737 عمارتوں میں پولنگ کا عمل جاری رہے گا، پی آر یو کی گاڑی ہر 10پولنگ بلڈنگز جبکہ ڈولفن سکواڈ کے اہلکار ہر 05 پولنگ بلڈنگز کے گرد موثر گشت کو یقینی بنائیں گے، پورے شہر میں مجموعی طور پر ڈولفن سکواڈ کی 275 ٹیمیں پولنگ عمل شروع ہونے سے اختتام پذیر ہونے تک اہم شاہرائوں پر موجود رہیں گی، پولنگ ڈے پر کسی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے اینٹی رائٹ فورس کے جوان ہمہ وقت الرٹ رہیں گے، ایس پی ڈولفن سکواڈ محمد ندیم پٹرولنگ پلان کے مطابق عملدرآمد کروانے کے انچارج اور ذمہ دار ہوںگے، لاہور پولیس کے عام انتخابات کو انعقاد کرنے کے حوالہ سے تمام انتظامات مکمل ہیں، پولیس افسران و اہلکار عام انتخابات کو قومی فریضہ سمجھ کر پُر امن بنائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ پولنگ ڈے پر شہر کے امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، پولنگ ڈے پر ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کے افسران واہلکار سیف سٹی اتھارٹی کنٹرول روم سے مستقل رابطہ میں رہیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں