پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن بارے اجلاس

سیکرٹری وچیئرمین ریلویز کی اپ گریڈ کئے جانے والے ریلوے اسٹیشنوں کے کام کو معیار کے مطابق بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 23 جولائی 2018 22:47

لاہور۔23جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) سیکرٹری وچیئرمین ریلویز محمد جاوید انور نے اپ گریڈ کئے جانے والے ریلوے اسٹیشنوں کے کام کو معیار کے مطابق بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کر دی، پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کے بارے میں اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکرٹری وچیئرمین ریلویز محمد جاوید انور نے کی، اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد آفتاب اکبر ، ایڈیشنل جنرل مینیجر ٹریفک عبدالحمید رازی، ایڈیشنل جنرل مینیجرانفراسٹرکچرظفراللہ کلوڑ ، چیف انجینئر سروے اینڈ کنسٹرکشن بشارت وحید اور ایم ڈی اسٹیشنز شاہ رُخ افشار سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، ایم ڈی اسٹیشنزشاہ رُخ افشار نے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے سیکرٹری وچیئرمین ریلویز کو بریفنگ دی، اپ گریڈ ہونے والے اسٹیشنوں میں نارووال، ننکانہ صاحب، حسن ابدال، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولپور، رائیونڈ، روہڑی،گوجرانوالہ ،لاہورکے نام شامل ہیں ، سیکرٹری وچیئرمین ریلویز محمد جاوید انور نے ایم ڈی اسٹیشنزکو ہدایت کی کہ اپ گریڈ کئے جانے والے اسٹیشنوں کے کام کو معیار کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے ، انہوں نے ایم ڈی اسٹیشنز اور اے جی ایم مکینیکل کو ہدایت کی کہ وہ اپ گریڈیشن کے کام کو خود دیکھیں جو وقت مقررہ پر کام کو مکمل نہیں کرتا اُس کا کنٹریکٹ کینسل کر کے قانون اور ضابطے کے مطابق ادارے کے مفاد میںکسی دوسرے کو دے دیا جائے، جاوید انور نے ایم ڈی اسٹیشن کو یہ بھی ہدایت کی کہ اپ گریڈ کئے جانے والے اسٹیشنوں کی حدود میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور مقامی درختوں پیپل،جامن، بوڑھ ، نیم، آرگن اور شیشم وغیرہ کو شجرکاری میں ترجیح دی جائے، چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد آفتاب اکبر نے بھی تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنا اپنا کام دیئے گئے اوقات کے مطابق مکمل کریں، ایڈیشنل جنرل مینیجر ٹریفک عبدالحمید رازی نے ایم ڈی اسٹیشنز کو ہدایت کی کہ نارووال اپ گریڈڈ اسٹیشن کے مطابق فرنیچر کا سامان مہیا کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں