نگران صوبائی وزیر سعید اللہ بابر کی زیر صدارت اجلاس

بدھ 1 اگست 2018 21:46

لاہور۔یکم اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) نگران صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلمپنٹ سعید اللہ بابر کی زیر صدارت ٹیپاہیڈ آفس میں اہم اجلاس، اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے آمنہ عمران ، ایم ڈی واسا زاہد عزیز، چیف انجینئر TEPAمظہر حسین خان، ایس پی ٹریفک آصف صدیق سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں عدالتی احکامات کی روشنی میں مال روڈ کی تاریخی خوبصورتی بحال کرنے کے لئے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

نگران وزیر نے ایل ڈی اے، پی ایچ اے اور دیگر اداروں کو اس ضمن میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کے احکامات دیئے۔ اجلاس میں یوم آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے لاہور شہر کی تزین و آرائش کے لئے پی ایچ ے، ایل ڈی اے اور TEPAکے افسران پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سعید اللہ بابر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ملی جوش و جذبے سے یوم آزادی منائے گی۔

انہوں نے پی ایچ اے اور ایل ڈی اے کو یوم آزادی کے حوالے بہترین تیاریوں کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 14اگست کے موقع پر ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دی جائے جبکہ TEPA سٹی ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر جامع منصوبہ بندی کرے۔ اس کے علاوہ لاہور شہر کی مصروف شہراہوں پر ٹریفک جام کے مسائل بھی زیر غور آئے۔ صوبائی وزیر نے دوموریہ پل، عائشہ ڈگری کالج اور کالا خطائی پھاٹک کے قریب ٹریفک جام کا مسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی عمارتوں کے مالکان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ لاہور کے ماسٹر پلان کو مد نظر رکھتے ہوئے کمرشل آئزیشن کی اجازت دی جائے۔اس سے قبل صوبائی وزیر کی TEPAآفس آمد کے موقع پر چیف انجینئر مظہر حسین نے استقبال کیا اور گل دستہ پیش کیا جبکہ صوبائی وزیر نے پودا لگایا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کے لئے دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں