کسانوں اور زراعت کی ترقی کیلئے جامع پالیسی پر ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے‘ پی ٹی آئی

زرعی مصنوعات کو ویلیو ایڈڈ بنائینگے،ضروریات پوری کرنے کے بعد ایکسپورٹ کو بھی یقینی بنایا جائیگا‘ جمشید اقبال چیمہ

جمعرات 2 اگست 2018 14:11

کسانوں اور زراعت کی ترقی کیلئے جامع پالیسی پر ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے‘ پی ٹی آئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت زراعت کے شعبے میں ریسرچ اور اسے روایتی طریقوں سے جدت کی طرف لانے پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گی ، کسان ملک کی خوراک کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اپنا خون پسینہ بہاتا ہے لیکن بد قسمتی سے حکومتی سطح پر پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے اسے اجناس کا صحیح معاوضہ نہیں ملتا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عمران خان زراعت اورکسانوںکے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اوران کی واضح ہدایات ہیں کہ ہم نے اس شعبے کو ترقی دے کر ملک کی مجموعی قومی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

کسانوں کو درپیش مسائل ،زرعی لوازمات پر سبسڈی کی فراہمی ، ریسرچ اور روایتی طریقوں سے جدت کی طرف آنے کیلئے جامع پالیسی پر ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان زراعت میں خود کفیل ملک ہے صرف اس کی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے ۔کسانوں کو ان کی اجناس کا صحیح معاوضہ دلانے کیلئے موثر پالیسی بنائیں گے جس پر جلد اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت شروع کی جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی زرعی مصنوعات کو ویلیو ایڈڈ بنائیں گے اور ملک کی خوراک کی ضروریات پوری کرنے کی بعد ایکسپورٹ کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت کے باضابطہ قیام کے بعد ملک بھر میں کسانوں کی کانفرنسز بلائی جائیں گی اور انہیں مشاور ت کے عمل میں شریک کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں