ایل پی جی کی قیمت میں 7 روپے فی کلو اضافہ ، گھریلو سلنڈر 86روپے ، کمرشل سلنڈر 329روپے مہنگا ہو گیا

سرکاری ایل پی جی پیداواری اداروںکی لوٹ مار پر حکومت خاموش تماشائی بنی ہے ،ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کا احتجاج

جمعرات 2 اگست 2018 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2018ء) ایل پی جی کی قیمت میں 7 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد گھریلو سلنڈر 86روپے ، کمرشل سلنڈر 329روپے اور فی میٹرک ٹن 7249روپے اضافہ گیا ۔اوگرہ نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔ملک بھر میں ایل پی جی صارفین کو 1565روپے کا گھریلو سلنڈر اور کمرشل سلنڈر 6021روپے اور 133 روپے فی کلو میں خریدنا پڑے گا ۔

چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان ، چیئر مین و فائونڈر ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایل پی جی چیمبر آف پاکستان) عرفان کھوکھر نے کہا کہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کو غریب صارفین کیلئے بڑھتی ہوئی قیمتیں نا منظور ہیں۔75فیصد لوکل گیس پیداوار کو بین الاقوامی قیمت پر فروخت کرنا غریب عوام کے ساتھ زیادتی ہے جبکہ سرکاری ایل پی جی پیداواری اداروںکی لوٹ مار پر حکومت بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 4سال میں ایل پی جی کی لوکل پیداوار میں 54فیصد اضافہ ، پیداوار ماہانہ 34ہزار میٹرک ٹن سے 75ہزار میٹرک ٹن پر پہنچ گئی۔جے جی وی ایل ایل پی جی پیداواری پلانٹ کی بندش پر ہم احتجاج کرتے ہیں ، بندش سے تقریباً 7سے 8 ہزار میٹرک ٹن فی ماہ کمی واقع ہوئی ہے جس سے حکومت کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ کسی بھی قیمت پر پلانٹ چالو کر کے سپلائی بحال کی جائے۔

عرفان کھوکھرنے کہا کہ اگر ایل پی جی پالیسی 2016 کے مطابق ایل پی جی پیداوار قیمت رکھی جائے اور تمام ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو لوکل پیداوار تقسیم کر دی جائے اور اس میں 50فیصد امپورٹ شامل کی جائے تو قیمت میں 30فیصد فوری کمی واقع ہو سکتی ہے اور عام صارفین کو گھریلو سلنڈر 1000روپے میں دستیاب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایل پی جی پالیسی 2016 میں895 روپے گھریلو سلنڈر فراہم کرنے کیلئے کئے گئے وعدوں پر لوکل پروڈیوسرز نے پانی پھیر تے ہوئے گزشتہ 6ماہ میں ایل پی جی کی قیمت میں 76روپے فی کلو، 232.50روپے گھریلو سلنڈر، 895روپے کمرشل سلنڈر اور 19703.58روپے فی میٹرک ٹن کا اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیمتیں بڑھنے سے غریب عوام پر بوجھ بڑھ گیا۔ سگنیچر بونس اور پریمیم بونس کے نام پر جگہ ٹیکس ختم کرنے پر ہم اوگرہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور وزارت پٹرولیم کی طرف سے ایل پی جی پرائس کمیٹی کا اجلاس فوری طور پر طلب کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوکل ایل پی جی پیداوار کو تمام ایل پی ی مارکیٹنگ کمپنیوں میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیا جائے اور شرط عائد کی جائے کہ اس میں 50% امپورٹ کو شامل کر کے صارفین کیلئے ایک قیمت مقرر کی جائے تو قیمت میں 30فیصد کمی آسکتی ہے۔ایل پی جی پروڈیوسرز کو لگام ڈالی جائے ورنہ ملک گیر احتجاج کرینگے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا مارجن علیحدہ سے بتایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں