ْ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمود صلاح الدین کی گریڈ 20 میں ترقی، نوٹیفکیشن جاری

جمعرات 2 اگست 2018 22:50

لاہور۔2 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2018ء) پنجاب حکومت نے لاہور جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین کو گریڈ 20 میں ترقی دے کر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر محمد طیب نے ڈاکٹر محمود صلاح الدین کو اگلے گریڈ میں ترقی پر مبارکباد دی اور ان کے لیے مزید کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے جبکہ پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر رانا پرویز اور دیگر عہدیداروں نے بھی ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے،اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے کہا کہ محکمانہ پروموشن کسی بھی سرکاری ملازم کا دیرینہ خواب ہوتا ہے اور وہ اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے ہاں سجدہ شکر ادا کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم سب کا نصب العین اس ادارے کی مزید بہتری اور ترقی کو یقینی بنانا ہے تا کہ مریضوں کی بہترین نگہداشت اور انہیں زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات فراہم ہو سکیں، انہوں نے پرنسپل پروفیسر محمد طیب اور پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کابھی شکریہ ادا کیا اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں