ریلوے پولیس کی تنظیم نو،جدید خطوط پر استوار کرنے اور مستقبل کے چیلنجوں سے نبردآزماہونے کیلئے روڈ میپ اور منصوبہ بندی پربریفنگ

ہفتہ 4 اگست 2018 19:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2018ء) پاکستان ریلوے پولیس کی تنظیم نو،جدید خطوط پر استوار کرنے اور مستقبل کے چیلنجوں سے نبردآزماہونے کے لئے روڈ میپ اور منصوبہ بندی پر انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن نے سیکرٹری /چیئرمین ریلویزمحمدجاوید انور کو بریفنگ دی،بریفنگ میں ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمیدرازی ، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ظفر اللہ کلوڑ، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل اعجاز احمدبروڑو، ممبرفنانس فیصل اسماعیلی ، چیف پرسانل آفیسر چوہدری بلال سروراور ڈی آئی جی آپریشنز شارق جمال سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں بریفنگ کے دوران آئی جی ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن نے کہا کہ ریلوے پولیس نے کرپشن، بلیک ٹکٹنگ اور نااہلی پرزیرو ٹالرینس کی حکمت عملی اختیار کی ہے اور اس کی وجہ سے کریمنل کیسز کی تعداد میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

2013میں 2055کریمینل کیسز کے مقابلے میں گزشتہ برس 2017میں 1517کیس درج کیے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز شارق جمال نے بتایا کہ چوریوں کے 70فیصدمقدمات میں چوری شدہ سامان مکمل برآمد کیا گیا۔

91فیصد کیسوں میں مجرم گرفتار کیے گئے اور عدالتوں سے سزائیں دلانے کا تناسب 97فیصد رہا اور یہ سب پاکستان ریلوے پولیس نے 20فیصد کم ورک فورس کے ساتھ ممکن بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے چیلنجز اور تقاضوں کے پیش نظر ریلوے پولیس کی نفری میں اضافے کی اشد ضرورت ہے ۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پچھلے آئی جیز کے سٹریٹیجک پلان کو آگے بڑھایا گیا اور افرادی قوت میں بہتری لانے کے لئے بین الاقوامی اداروں کی مدد سے ریفریشرکورسز کرائے گئے۔

جو کہ پاکستان ریلوے پولیس ٹریننگ سکول اور صوبائی پولیس سکولوں میں کرائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پراجیکٹس کے حوالے سے ریلوے پولیس کے پاس پورا روڈ میپ موجود ہے جسے سی پیک کے شیڈول ملنے کے بعد متعلقہ اداروں کی مشاورت سے فائنل کیا جائے گا۔چیئرمین ریلویز کو سبی ہرنائی سیکشن پر کام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ این ایل سی یہ پراجیکٹ پاکستان ریلوے کو سونپنے کے لئے تیار ہے ۔ اس موقع پرچیئرمین ریلوے نے آئی جی ایف سی اور ایف سی جوانوں کا خاص شکریہ ادا کیا جنہوں نے جیکب آباد سے کوئٹہ ریلوے لائن پر پاکستان ریلوے پولیس کو بیرونی سکیورٹی کور فراہم کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں