تمام تر وسائل استعمال کر کے عوام کو بلاخوف و خطراپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا ‘ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

انتخابات کے شفاف اور غیرجانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام اداروں نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا‘ ڈاکٹر حسن عسکری

اتوار 5 اگست 2018 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ نگران حکومت نے الیکشن کے دوران عوام کے جان ومال کی حفاظت اور امن وامان کے قیام کو یقینی بنایا اور شفاف اور منصفانہ الیکشن کروا کر اپنی قومی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کی ہے،انتخابات کے دوران متعلقہ اداروں اور محکموں نے پیشہ وارانہ انداز میں فرائض سرانجام دئیے اور جو ذمہ داری ملی تھی اس میں سرخرو رہے ہیں،الیکشن کے پرامن انعقاد پر اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نگران حکومت نے آزادانہ اور شفاف انتخابات کروا کرقومی ذمہ داری ایمانداری کیساتھ ادا کی اورانتخابی عمل کے دوران مکمل طورپر غیر جانبداری کا مظاہرہ کر کے ایک مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے تمام تر وسائل استعمال کر کے صوبے کے عوام کو بلاخوف و خطراپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا اور انتخابات کے شفاف ، پرامن اور غیرجانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

معاشرے کے تمام طبقات کے تعاون سے انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد میں سرخرو ہوئے ہیں ۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ نگران حکومت کی پوری ٹیم نے جانفشانی اور عزم کے ساتھ قومی ذمہ داریاں نبھائیں اور انتظامیہ نے انتخابات کیلئے بہترین انتظامات کرکے اپنی پیشہ ورانہ اہلیت کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام جماعتوں کو لیول پلینگ فیلڈ فراہم کی گئی اور نگران حکومت کی انتھک کاوشوں اور محنت کا پھل عوام کو جمہوری عمل کے تسلسل کی صورت میں ملا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں