لاہور،مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ،شہریوں کا لیسکو کیخلاف احتجاج ،نعرے بازی

اتوار 5 اگست 2018 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2018ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں لیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف شہری پھٹ پڑے اور شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے لیسکو کیخلاف مظاہرہ کیا جس میں لیسکو کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی بتایاگیا ہے کہ لاہور شہر میں گزشتہ کئی روز سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور اکثر علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ آٹھ سے دس گھنٹے تک ہوگیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے شدید گرمی اور حبس کے موسم میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں لوڈشیڈنگ کے باعث گھروں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں جن میں برکی روڈ،گرین ٹائون ،باگڑیاں ،راجگڑھ ،سمن آبادسمیت دیگر علاقوں میں میں شہریوں نے لیسکو کیخلاف مظاہرے کئے اور شدید نعرے بازی کی مظاہرین کاکہنا تھا کہ گزشتہ پانچ دنوں سے بجلی نہیں آرہی ہے لیسکو کو متعدد بار کہاگیا لیکن لیسکو کے عملے کے کان پر جوں تک نہیں رینگی مظاہرین کا کہنا تھا کہ لیسکو نے غیر اعلانیہ طورپر ہمارے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی نہ ہونے کے باعث ہم شدید مشکلات کا شکار ہیں ہمارے گھروں میں لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے مظاہرین نے لیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے پر توجہ دیکر بجلی کی بحالی کا انتظام کریں تاکہ شدیدگرمی اور حبس کے موسم میں ہم سکھ کا سانس لے سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں