سیاسی جماعتوں کو مالی سال18-2017 کیلئے بنک کھاتوں کی تفصیلات 29اگست تک جمع کرانیکی ہدایت

اتوار 5 اگست 2018 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو مالی سال18-2017 کیلئے بنک کھاتوں کی تفصیلات 29اگست تک جمع کرانے کی ہدایت کردی ۔الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017کی شق210 کے مطابق سیاسی جماعتیں اپنی سالانہ آمدن،اخراجات،فنڈز کے ذرائع اوراثاثے اوراپنے ذمے واجبات کی تفصیلات فراہم کرنے کی پابند ہیں۔

(جاری ہے)

کھاتوں کی تفصیلات الیکشن ایکٹ2017 کے فارم ڈی کے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہیں ، پرنٹ شدہ فارم الیکشن کمیشن کے سیکرٹریٹ اورصوبائی الیکشن کمشنروں کے دفاتر میں دستیاب ہیں۔مطلوبہ فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی ڈائون لوڈ کیاجاسکتاہے۔الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ کھاتوں کی تفصیلات سیاسی جماعت کے رہنما کی طرف سے مجاز عہدیدارکے ذریعے الیکشن کمیشن کے سیکرٹری کے پاس اس کے سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جانی چاہیے۔الیکشن رولز2017 کی شق156کے مطابق ڈاک،فیکس، کوریئرسروس یا کسی اورذرائع سے بھیجی گئی تفصیلات کو قبول نہیں کیاجائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں