الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا،جسٹس(ر) وجیہہ الدین احمد

اتوار 5 اگست 2018 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2018ء) چیئر مین پاکستان پیپلز موومنٹ اور عام لوگ اتحاد کے سربراہ جسٹس (ر)وجیہ الدین احمد نے کہاہے کہ 25 جولائی کے انتخابات میں ہونے والی مداخلت کو الیکشن کمیشن روکنے میں ناکام رہا۔اس حوالے سے عوام میں منفی رد عمل پایا جاتاہے۔گذشتہ روز لاہور میں عام لوگ اتحاد کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان اپنی تقریر میں تمام حلقے کھولنے کی پیشکش کر چکے ہیں تو دوسری طرف دیگر سیاسی جماعتیں اپنے تحفظات کا اظہار کر رہی ہیں ان حالات میں الیکشن ٹربیونل کے ممبران پر مشتمل کمیشن بنایا جائے جو تمام انتخابی حلقوں پر کیے گئے اعتراضات کا ایک مقررہ مدت میں فیصلہ کرے ۔

اس انتخابی کمیشن اپنے دائرہ کار کے رولز بنانے کا بھی اختیار دیا جائے جبکہ حلقہ سسٹم کی بجائے متناسب نمائندگی کے نظام کو نافذ کیا جائے کیونکہ موجودہ طرز انتخاب میں متوسط طبقہ اور پڑھے لکھے سیاسی کارکن کی کامیابی ناممکن ہے اور موجودہ استحصالی نظام کے خلاف عوام کو منظم جدوجہد کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل سید منظور گیلانی نے کہا کہ 25 جولائی کو الیکشن کمیشن نے انتخابی وقت میں اضافہ سے انکار کر کے عوام کو ان کے حق نمائندگی سے محروم کر دیا اور دوسری طرف انتخابی نتائج میں کئی گھنٹے تاخیرہو گئی جس پر کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز موومنٹ کی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا گیا۔اجلاس کی صدارت جسٹس (ر) وجیہ الدین احمد نے کی۔اجلاس میں سید منظور گیلانی سیکرٹری جنرل۔اظہر جمیل ایڈیشنل سیکرٹری جنرل/ترجمان۔سید ظہیر گیلانی سیکرٹری اطلاعات۔راو خالد عظمت۔ارشد علی انجم اور دیگر نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں