امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کا مستقبل روشن ہے ،امریکی قونصل جنرل

تاجروں کو دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے تجارتی وفود کا تبادلہ اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط رابطے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،گفتگو

منگل 7 اگست 2018 22:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2018ء) امریکی قونصل جنرل الیزبتھ کینڈی ٹرودیو نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کا مستقبل بہت روشن ہے، اس سلسلے میں دونوں ممالک کے تاجروں کا کردار بہت اہم ہے۔لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید ، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے ملاقات میں امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ تاجروں کو دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، تجارتی وفود کا تبادلہ اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط رابطے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی قونصلیٹ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مستقل رابطے میں ہے اور کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولیات مہیا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی تجارت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2017ء میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت چھ ارب ڈالر کے ساتھ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جو دونوں ممالک میں موجود پوٹینشل کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی دے تاکہ باہمی تجارت میں مزید اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ امداد یا گرانٹ تجارت کا متبادل نہیں ہے، پاکستان کو امریکی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی دیکر پاکستان کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاروں کے لیے توانائی، ٹیکسٹائل، آٹو، ہیلتھ، ایجوکیشن، فوڈ، لائیوسٹاک اورڈیری کے شعبوں میں بہت سے مواقع ہیں جن سے انہیں فائدہ اٹھانا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے ذریعے بجلی کی پیداوار میں مدد دے تاکہ یہ بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرسکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں