پھلروان گائوں میں 5افراد کے قتل کے بعدکشیدگی بدستور جاری

پورے گائوں میں خوف وہراس کا سماں،پولیس ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کر سکی

بدھ 8 اگست 2018 18:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2018ء) برکی کے علاقے پھلروان گائوں میں قتل کی لرزہ خیز واردات کے باعث علاقے میں کشیدگی بدستور پائی جا رہی ہے اور پورے گائوں میں خوف وہراس کا سماں تاحال قائم ہے جبکہ پولیس پانچ افراد کے قتل میں ملوث ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کر سکی پولیس کے مطابق تھانہ برکی پولیس نے قتل کی اس لرزہ خیز واردات میں ملوث افتخار،جبار،ہیرا اور ذوالفقار سمیت دیگر افراد کیخلاف دہشتگردی ایکٹ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ دوسری طرف جائیداد کے تنازعہ پر ہونے والے تصادم میں قتل ہونے والے پانچواں افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد پولیس نے مقتولین کی لاشیں تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے کر دی ہیں امکان ہے کہ تمام مقتولین کو آج سپرد خاک کر دیا جائیگا تاہم مقتولین کے ورثاء کا کہنا تھا کہ انہیں نعشیں بروقت وصول ہوگئیں تو یہ کام رات ہی کو مکمل کیا جاسکتاہے تاہم قتل کی اس واردات کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے پانچواں افراد کی تدفین کے حوالے سے پھلروان گائوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ پھلروان گائوں میں پائی جانے والی کشیدگی کے خاتمے تک تھانہ برکی پولیس ،اینٹی رائیڈ فورس سمیت دیگر فورسز کے اہلکار گائوں میںبدستور تعینات رہیںگے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں