عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، بہتر پولیسنگ کیلئے پولیس ریفارمز ناگزیر ہیں‘شوکت جاوید

پولیس نے حالیہ انتخابات میںاپنے فرائض منصبی جس فرض شناسی اور ڈسپلن سے سر انجام دیئے اسکی مثال ماضی میں نہیں ملتی‘نگران صوبائی وزیر داخلہ

بدھ 8 اگست 2018 21:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2018ء) نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، بہتر پولیسنگ کیلئے پولیس ریفارمز ناگزیر ہیں، ایف آئی آر کا اندراج متاثرہ فریق کا حق ہے، پولیس اس ضمن میں سائل کی فوری داد رسی یقینی بنائے، پولیس نے حالیہ انتخابات میںاپنے فرائض منصبی جس فرض شناسی اور ڈسپلن سے سر انجام دیئے اسکی مثال ماضی میں نہیں ملتی، پولیس کی استعدادکار میں اضافے کے لیے افسران و اہلکاران کی جدید خطوط پر تربیت اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے ماڈرن ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سینٹرل پولیس آفس کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب سید کلیم امام نے وزیر داخلہ کو محکمانہ بریفنگ دی اور یو م آزادی، عید الضحیٰ اور محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان سے متعلق آگاہ کیا۔ شوکت جاوید نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ایک مقدس فریضہ ہے لہذا پولیس افسران و اہلکاران کو چاہیے کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کریں۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب پولیس پیشہ وارانہ اعتبار سے بہترین فورس ہے جو امن وا مان سے متعلق ہر چیلنج سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبے میں حالیہ انتخابات کا پر امن انعقاد اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران پنجاب پولیس کی بروقت کارروائیوں سے صوبے میں دہشت گردی کے متعددمنصوبے ناکام ہوئے۔

وزیر داخلہ نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں بھی عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہوکر اپنے فرائض کی بجا آوری یقینی بنائیں۔قبل ازیں آئی جی پنجاب سید کلیم امام نے وزیر داخلہ کو بہتر پولیسنگ کے حوالے سے محکمہ پولیس میں اب تک کئے جانے والے اقدامات بشمول پولیس افسران و اہلکارروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جدید تربیتی ریفرشر کوسز کا انعقاد اور تفتیشی مراحل میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال بارے آگاہ کیا۔ شوکت جاوید نے پولیس کی بہتری ، یوم آزادی ، عید الضحیٰ اور محرم الحرام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے سیکیورٹی اقداما ت پر اطمینان کا اظہار کیا۔آخرمیں آئی جی پنجاب نے وزیر داخلہ کو یاد گیری شیلڈ بھی پیش کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں