عثمان ڈار کی این اے 73 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی اجازت دیدی

بدھ 8 اگست 2018 23:37

لاہور۔8 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی این اے 73 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی اجازت دے دی۔بدھ کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے عثمان ڈار کی جانب سے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

عثمان ڈار نے ایڈوکیٹ انیس ہاشمی کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا کہ سیالکوٹ این اے 73 سے انتخاب لڑا اور دوسرے نمبر پر رہا، ریٹرنگ افسر نے فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو فراہم نہیں کیا۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ خواجہ آصف سے صرف 1406 وٹوں سے شکست ہوئی، ریٹرنگ افسر کو حلقے کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی جسے مسترد کر دیا گیا، عدالت حلقے میں دوبارہ گنتی کروانے کا حکم صادر کرے۔تاہم لاہور ہائیکورٹ نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی اجازت دیدی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں