نگران صوبائی وزیر سردار تنویر الیاس کی چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی سے ملاقات

حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق شجرکاری مہم کو امسال جشنِ آزادی تقریب کا حصہ بنایا جائے گا، سردار تنویر الیاس

بدھ 8 اگست 2018 23:37

لاہور۔8 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) نگران صوبائی وزیر زراعت،خوراک،منصوبہ بندی و ترقیات سردار تنویر الیاس نے چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی سے ان کے دفتر میںملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی امور کے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر زراعت،خوراک،منصوبہ بندی و ترقیات نے کہا کہ ان کے محکمہ جات نے امسال جشن ِآزادی کو شایانِ شان منانے کیلئے تمام تیاریاںمکمل کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق امسال شجر کاری مہم کو جشن آزادی تقریبات کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ ماحول دوست سرگرمیوں کو عوام کی توسط سے فروغ دیا جا سکے اور درختوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماحولیاتی تبدیلوں کے وقوع پذیر ہونے کی وجہ سے فصلات و باغات کی نشوونما پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور شجرکاری مہم کی ماحول دوست سرگرمی کی وجہ سے جاری موسمیاتی تبدیلیوں میں کمی واقع ہو گی۔

(جاری ہے)

اس تناظر میں محکمہ زراعت پنجاب بھرپور اقدام کر رہا ہے اور جدید ریسرچ سے ایسی فصلات کی اقسام کو فروغ دیا جا رہا ہے جو زیادہ گرمی اور سردی برداشت کر سکیں۔انہوں نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ اس حکومتی جاری سرگرمی میں بھرپور حصہ لیں تاکہ ماحول کو انسان دوست بنایا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام محکمہ جات بھی شجرکاری مہم میں بھرچڑھ کر اپنا کردار ادا کریں گے۔بعد ازاں چیف سیکرٹری پنجاب اکبردرانی نے نگران صوبائی وزیر کو چیف سیکرٹری آفس کی تاریخی بلڈنگ کا دورہ کرایا۔سردار تنویر الیاس نے صوبے کا نظم و نسق بہترین انداز میں چلانے اور کامیاب شفاف الیکشن کروانے پر چیف سیکرٹری پنجاب اور صوبے کے تمام ملازمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں