اسمبلی ملازمین نے ہمیشہ خوش دلی اور محنت سے کام کرکے بہترین سروسز فراہم کی ہیںان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گئی‘رانا محمداقبال خاں

ریٹائر ہونے والے ملازمین کو اسمبلی سیکرٹریٹ کے لیے شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کر تا ہوں‘پنجاب اسمبلی سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے سپیکر پنجاب اسمبلی کا خطاب

جمعہ 10 اگست 2018 18:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2018ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمداقبال خاں نے کہا ہے کہ اسمبلی ملازمین نے ہمیشہ خوش دلی اور محنت سے کام کرکے بہترین سروسز فراہم کی ہیں، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،ریٹائرہونے والے ملازمین کو اسمبلی سیکرٹریٹ کے لیے شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کر تا ہوں۔ان خیالات کا اظہارسپیکر رانا امحمد اقبال خاں نے حال ہی میں پنجاب اسمبلی سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسمبلی کیفے ٹیریا میںمنعقد ہونے والی اس تقریب میں سینئر سیکرٹری رائے ممتاز حسین بابر ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور سپیشل سیکرٹریز علی عمران رضوی اور عارف شاہین نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ اسمبلی ملازمین نے ہمیشہ اسمبلی سیکرٹریٹ کی نیک نامی اور سربلندی کے لیے کام کیا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں الوداعی تقریب کے موقع پر جہاں انہیں باعزت اور پروقار طریقے سے رخصت کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے و ہیں میرا دل آپ کی جدائی سے بوجھل ہے۔

انہوں نے کہا کہ محنتی اور دیانت دار سٹاف قابل فخر ہے۔میں اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے حاضر سروس ساتھیوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ رخصت ہونے والے دوستوں کی خدمات کو مشعل راہ سمجھتے ہوئے اس ادارے کی خدمت کرنے میں کو ئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں میرے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں۔ اسمبلی سے ریٹائر ہونے والے سٹا ف میں سپیشل سیکرٹری حافظ محمد شفیق عادل ، اسسٹنٹ سیکرٹری الطاف احمد،محمد اکرم جاویدٹیکنیکل اسسٹنٹ، فدا حسین کک، قاری محمد بخش امام مسجد، شاھد محمود سپرنٹنڈنٹ، غلام علی ناز سینئر کلرک، جلال شاہ ڈرائیور، عظیم مسیح ہیڈ سینٹری ورکر، محمد اسلم ہیڈ چوکیدار، نواز احمد ہیڈ فراش، رشید مسیح سینٹری ورکر شامل ہیں ۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پنجاب اسمبلی سے آج تک ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین میں حافظ محمد شفیق عادل نے 44سال پنجاب اسمبلی میں ذمہ داریاں ادا کر کے سب سے زیادہ سروس کی۔ سینئر سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو اپنے دفتری امور اچھے طریقے سے سر انجام دینے کے لئے محنتی اور وقت کا پابند ہونا چائیے۔ ریٹائرہونے والوں کو اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے اعزازی اسناد ، شیلڈز اور اسمبلی کے تعارفی کارڈز بھی دیئے گئے۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کی تواضع کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں