سیکرٹری صحت کی زیر صدارت پنجاب فارمیسی کونسل کااجلاس،کونسل کے سال میں دو کے بجائے چار اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت

ڈرگ انسپکٹرز کی رجسٹریشن کی تجدید کو کارکردگی کے ساتھ مشروط کرنے کی تجویز

جمعہ 10 اگست 2018 18:17

لاہور۔10 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ثاقب ظفر نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب فارمیسی کونسل کو جدید تقاضوں اور عصر حاضر کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں،انہوں نے ہدایت کی کہ کونسل کے سال میں دو کے بجائے چار اجلاس منعقد کئے جائیں،انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں پنجاب فارمیسی کونسل کے 98ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں کونسل کے نائب صدر ڈاکٹر شعیب حکیم ، ڈاکٹر سعیدالحسن، ڈاکٹر مبشر احمد بٹ ، ڈاکٹر معظم علی خان، ڈاکٹر ذکاء الرحمن اور ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر سلمان شاہد اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری صحت نے پنجاب فارمیسی کونسل میں اصلاحات کے لئے سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈرگ انسپکٹرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں تجویز دی گئی کہ ڈرگ انسپکٹرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ان کی رجسٹریشن کی تجدید کو کارکردگی کے ساتھ مشروط کیا جائے۔ اس سلسلہ میں سیکرٹری صحت ثاقب ظفر نے ہدایت کی کہ مذکورہ تجویز کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دونوں محکمے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ مل کراس تجویز کا تفصیلی جائزہ لے کر ورکنگ پیپر تیار کریں، فارمیسی کونسل کے ممبران نے کہا کہ کونسل کے دفاتر کے لئے مناسب عمارت کے حصول کے اقدامات ضروری ہیں کیونکہ موجودہ عمارت ناکافی اور غیر موزوں ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں