لاہور، انشاء اللہ نظام مصطفیٰؐاور غلبہ دین ملک و ملت کا مقدر بنے گا ،لیاقت بلوچ

جمعہ 10 اگست 2018 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے این اے 130 کی انتخابی کور کمیٹی، یونین کونسل اور جے آئی یوتھ کے عہدیداران کے اجلاس میں ممبران کمیٹی اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ جماعت اسلامی اور دینی جماعتوں کا اتحاد نظام مصطفیٰؐ کے قیام اور آئین اور جمہوری عمل کی حفاظت کی جدوجہد کے لیے ہے ۔

نظریاتی کارکنان ہار جیت سے بالاتر ہو کر صراط مستقیم پر چلتے ہوئے اپنی انتھک جدوجہد جاری رکھتا ہے ۔ ان شاء اللہ نظام مصطفیٰؐاور غلبہ دین ملک و ملت کا مقدر بنے گا ۔یہی نظام عوام کے دکھ درد کا علاج ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات 2018 ء کے لیے مسلسل انجینئرڈ اور من پسند نتائج کا حصول اور بعض عناصر کے لیے ناپسندیدہ قیادت کو منظر سے ہٹانا اور پولنگ ڈے و پوسٹ پولنگ کارستانیاں جاری رکھی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

بدقسمتی سے اس ایکسرسائز میں ریاستی اداروں کے حوالے سے سوالات پیدا کردیے گئے ہیں ۔ انتخابات میں افراد کے درمیان مقابلہ اور اختلاف ہوتاہے لیکن ریاست فریق اور جانبدار ہو جائے تو ہیجان پیدا ہوتاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ہمارا واضح موقف ہے کہ انتخابات 2018 ء دھاندلی زدہ ہیں ، نتائج متنازعہ ہیں ۔ انتخابات کی پڑتال کے لیے نئی حکومت پارلیمانی کمیشن قائم کرے ۔ نئی حکومتوں کو کا م کرنے کا حق ہے لیکن عوامی جذبات کو نظر انداز کرنا خطرناک ہوگا ۔ انتخابات میں دھاندلی کے باوجود دوکروڑ پچاس لاکھ ووٹ حاصل کرنے والی جماعتوں کی آواز سنی جائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں