پاکستان میں کوالٹی کلچر کو فروغ دینے کا وقت آچکا ،معیار پر کسی قسم کو کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، عبدالعلیم میمن

جمعہ 10 اگست 2018 23:02

لاہور۔10 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالعلیم میمن نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوالٹی کلچر کو فروغ دینے کا وقت آچکا ہے،معیار پر کسی قسم کو کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور پی ایس کیو سی اے کی طرف سے انڈسٹری کو بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پی ایس کیو سی اے لاہور آفس کے دورے کے دوران افسران اور سٹاف کی میٹنگ میں کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹرسٹینڈرڈ ڈویلپمنٹ سنٹر کنفرمٹی اسسمنٹ، سی اے لاہور زون ڈاکٹر شہزاد افضل، ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروس سنٹر سید جاوید اقبال، ڈائریکٹرکوالٹی کنٹرول سنٹر مسعود احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انڈسٹری کے فروغ کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے جو ہوچکا کو بھول کر نئے سرے سے کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اشیاء کے معیار پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا جبکہ پی ایس کیو سی اے انڈسٹری کا معیار بلند کرنے کیلئے ہر قسم کی خدمات فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فیلڈ سٹاف ٹیکنیکل سروسز کی فراہمی کیلئے انڈسٹری کو ہر وقت دستیاب ہونگے۔ ڈی جی نے کہا کہ فیلڈ افسران ادارے کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور پاکستان میں انڈسٹری کا معیار بلند کرنا پی ایس کیو سی اے کے فرائض میں شامل ہے اور ان فرائض میں کوتاہی برتنے والے افسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے ان کی بیرون ملک ٹریننگ اور ریفریشر کورس بھی کروائے جائیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران افسران کوسیکیورٹی بھی دی جائیگی۔اس سے قبل ڈی جی عبدالعلیم میمن نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا اور مختلف لیبارٹریز کا بھی معائنہ کیا جبکہ ڈائریکٹرزڈاکٹر شہزاد افضل، سید اقبال اور مسعود احمد نے ادارے کی کارکردگی اور کامیابیوں کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں