انسداد ڈینگی عوامی آگاہی مہم کو پورے عزم کے ساتھ شروع کیا جائے، کمشنرلاہور ڈویژن

جمعہ 10 اگست 2018 20:33

لاہور۔10 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت کم ڈینگی لاروا کی دستیابی کو جانچنے کے لیے تیسرے فریق سے سخت پڑتال کرائی جائے گی۔ انسداد ڈینگی اقدامات اور کنٹرول کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری ڈویژن میں کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کو آخری وارننگ خط جاری کر دیا جائے اور اس کے بعد انسداد ڈینگی اقدامات میں عدم تعاون پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر اور جنرل سیکرٹری کے خلاف فوری طور پر مقدمات درج کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی عوامی آگاہی مہم کو پورے عزم کے ساتھ شروع کیا جائے۔ اسکولوں، کالجوں کو بھی مہم میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تین ٹاؤنز میں ریلوے تنصیبات میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں ریلوے سٹاف کی طرف سے مکمل تعاون نہ کرنے کے باعث ریلوے کے اعلیٰ حکام کو خط لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی رپورٹنگ کو مزید بہتر کرنے کے لیے آئندہ اجلاس میں تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے سی ای اوز کو بلایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ تمام نجی ہسپتالوں کا ڈینگی مشتبہ مریضوں کی رپورٹنگ انتظامیہ کو بھیجنا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر تمام نجی ہسپتالوں کو چیک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بریفنگ کے مطابق لاہور میں مشتبہ اور امکانی ڈینگی مریضوں کی تعداد میں گزشتہ سال کی نسبت کمی کا رجحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے تمام ٹاؤنز اور اضلاع میں تمام سطحوں پر ہونے والے ہفتہ وار ٹرک (TERC) اجلاسوں کی کارکردگی اور فعالیت کو بھی جانچا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں